ڈیوز بری (اے ون نیوز) برطانیہ میں ایک مسلمان ماں پر ایک اجنبی شخص نے کنکریٹ کے ٹکڑے سے اس لیے حملہ کیا کہ وہ حجاب پہن رہی تھی۔خاتون کے شوہر نے برطانوی میڈیا کو بتایا کہ ان کی اہلیہ پر حملہ ان کے حجاب پہننے پر کیا گیا۔
ڈیوز بری کے علاقے میں رونما ہونے والے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک نقاب پوش شخص کنکریٹ کا بڑا ٹکڑا ہاتھ میں لیے خاتون کے قریب پہنچتے ہیں۔مذکورہ شخص خاتون کے قریب پہنچ کر کنکریٹ کا ٹکڑا خاتون کے سر پر مارتا ہے۔ گوکہ آخری لمحے میں خاتون حملہ آور کو دیکھ لیتی ہیں لیکن پھر بھی کنکریٹ کا ٹکڑا ان کے سر پر لگتا ہے۔
خاتون ایک دوکان کے باہر ملازمت کے انٹرویو سے قبل انتظار کر رہی تھیں جب کہ ان کے شوہر عید کریمی دوکان کے اندر ان کے لیے کھانے کی چیز خرید رہے تھے۔