برٹش ایئرویز کی پرواز میں ایک مسافر نے پائلٹ کو فحش تصویریں دیکھتے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔ میل آن لائن کے مطابق یہ واقعہ برٹش ایئرویز کی لندن سے شنگھائی جانے والی پرواز میں پیش آیا۔ 35سالہ ڈیوڈ جونز نامی مسافر اپنی اہلیہ کے ساتھ پرواز میں سفر کر رہا تھا، جس کا کہنا ہے کہ پائلٹ اپنے آئی پیڈ پر کسی بالغوں کے میگزین کے فوٹوشوٹس دیکھ رہا تھا۔
ڈیوڈ جونز بتاتا ہے کہ اس وقت طیارہ معاون پائلٹ کنٹرول کر رہا تھا او ر یہ پائلٹ کاک پٹ بریک پر تھا اور مسافروں کے ساتھ پہلی قطار میں ایک سیٹ پر بیٹھاشرمناک مواد دیکھ رہا تھا۔ ڈیوڈ جونز کا کہنا ہے کہ وہ ٹوائلٹ کے لیے جا رہا تھا، جب اس نے پائلٹ کو فحش تصاویر دیکھتے ہوئے پکڑا۔
ڈیوڈ جونز نے شنگھائی پہنچنے پر برٹش ایئرویز کے حکام کو اس واقعے کے متعلق بتایا، جس پر بعد ازاں برٹش ایئرویز کسٹمر ریلیشنز کی طرف سے اسے معذرت پر مبنی میسج بھیجا گیا۔ میسج میں پائلٹ کی حرکت پر معافی مانگتے ہوئے کہا گیا تھا کہ ہم واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں اور پائلٹ کے خلاف مناسب ایکشن لیا جائے گا۔