لاہور(اے ون نیوز)صوبائی دارالحکومت لاہور میں ساندہ کے علاقے میں پاکستانی نژاد برطانوی خاتون سے دن دہاڑے ڈکیتی کی واردات ہو گئی۔
یوسف روڈ اسلام پورہ میں ایک روز قبل صبح 6 بجے کے قریب خاتون کے ساتھ ہونے والی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی ہے۔
پولیس کے مطابق خاتون والدہ کی وفات پر پاکستان آئی ہوئی تھیں، خاتون برطانیہ واپسی کے لیے ائیرپورٹ جانے کے لیے گھر سے نکلیں تو واردات ہو گئی، ڈاکوؤں نے خاتون سے جیولری، برطانوی پاسپورٹ، پاؤنڈز اور لیپ ٹاپ بھی لوٹ لیا۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دو ڈاکو موٹرسائیکل پر آئے اور گاڑی کی چابی بھی لے گئے، ڈاکوؤں کی عمریں 25 سے 30 سال کے قریب ہیں۔
پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔