ثانیہ مرزا سے عمیر جیسوال نے ٹیلی فون پر بات چیت کی جس کے دوران عمیر جیسوال نے ثانیہ مرزا سے بھرپور ہمدردی کا اظہار کیا۔
صحافی نعیم حنیف کا کہنا تھا کہ عمیر جیسوال نے ثانیہ مرزا سے دکھ درد بانٹا۔ جس فیز سے اس وقت ثانیہ مرزا گزر رہی ہیں اسی طرح عمیر جیسوال اس کہانی کے خاور مانیکا ہیں، انہوں نے فون کال کر کے ہمدردی کا اظہار کیا اور آئندہ زندگی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا، اصل میں اپنے دل کا بوجھ ہلکا کیا۔
انہوں نے کہا کہ دراصل عمیر جیسوال کا لالی ووڈ انڈسٹری کی شخصیات سے قریبی تعلق ہے، میں بھی ان کو شعیب ثنا کی شادی کے اعلان کے دن سے کالز کر رہا ہوں مگر ان کا ذاتی نمبر بند ہے، واٹس ایپ پر بھی رابطہ نہیں ہو پا رہا، انہوں نے ثانیہ کو کسی نئے نمبر سے کال کی ہے۔
نعیم حنیف کا کہنا تھا سوال اٹھایا جا رہا ہے کہ ثانیہ مرزا اتنی بڑی سٹار تھیں، بظاہر بڑی اچھی زندگی گزر رہی تھی، دبئی میں بھی گھر بنا لیا تھا، دو بچے ہو گئے تو ایک دم سے ایسا کیا ہوا۔ مگر حقیقت یہ ہے کہ فاصلے بنانے میں پہل شعیب کی جانب سے ہوئی، ثانیہ کی فیملی کی بہت کوششوں کے باوجود یہ رشتہ قائم نہیں رہ سکا۔ انہوں نے شعیب ملک اور ان جیسے لوگوں کیلئے یہ شعر پڑھا کہ ‘جانے کیوں کوئی اور ہمارا نہیں ہوتا، اب ایک محبت سے گزارا نہیں ہوتا’۔
انہوں نے کہا کہ خاور مانیکا ایک برینڈ بن چکےہیں، جب بھی اس طرح کی کوئی کہانی ہو گی، جب بھی ‘میرے پاس تم ہو’ رپیٹ ہو گا تو خاور مانیکا کو یاد رکھا جائے گا۔ اس کہانی کی بشریٰ بی بی ، ثناء جاوید وہ بھی کسی کے رابطے میں نہیں ہیں۔ ان کے فونز بھی بند مل رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ شعیب ملک کا البتہ فیملی سمیت کچھ لوگوں سے رابطہ ہوا ہے مگر ان کی والدہ، بہنیں اور بہنوئی عمران ظفر کوئی بھی اس شادی میں شریک نہیں تھا۔ یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ ثناء جاوید سے نکاح ہونے تک شعیب کے ان تمام رشتے داروں کو علم تک نہیں تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ثانیہ مرزا کی خواہش پر رشتہ بچانے کیلئے آخری کوشش کی گئی شعیب ملک کی ساری فیملی دبئی گئی جس کی وجہ شعیب ملک کے سارے خاندان میں ثانیہ کیلئے بہت زیادہ پسندیدگی تھی، انہیں بطور بہو بہت زیادہ مان دیا جاتا تھا اور یہ پسندیدگی طلاق کے باوجود آج بھی قائم ہے لہذا وقتی طور پر شعیب کی نئی شادی سے متعلق ان کی فیملی کا ردعمل اچھا نہیں تھا ۔ شعیب کی فیملی کا خیال تھا کہ وہ والدہ سمیت بہنوں کی بات مان لیں گے، اپنے رویئے پر غور کریں گے، ایک محبت پر گزارا نہیں ہوتا والی اداؤں پر قابو پائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارتی میڈیا اب ثانیہ مرزا کو کٹہرے میں کھڑا کر رہا ہے، کڑی تنقید جاری ہے اس کے باوجود کہ پورے بھارت میں آج بھی ثانیہ سے بڑی کوئی سپورٹس سٹار نہیں پھر بھی بھارتی صحافی، ثانیہ کو کوس رہے ہیں کہ شعیب سے شادی اور پاکستان کی بہو بننے کا ان کا فیصلہ بہت غلط تھا۔ اس وجہ سے ثانیہ مرزا شدید ذہنی دباؤ کا شکار بھی ہیں اور شدید مشکل صورت حال سے دوچار بھی ہیں۔