اہم خبریںتازہ تریندنیا

عمرہ زائرین کیلئے قائم”نسک ڈاٹ کام“ کی طرف سے دبئی میں نمائش کا انعقاد

دبئی (اے ون نیوز) سعودی وزارت حج و عمرہ اور سعودی سیاحتی اتھارٹی کی طرف سے قائم کیے جانے والے ڈیجیٹل پلیٹ فارم ” نسک ڈاٹ کام” کی طرف سے دبئی میں نمائش کا اہتمام کیا گیا۔

سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹرتوفیق کی زیرسرپرستی ہونے والی نمائش میں یواے ای کے شہریوں اور تارکین وطن کو ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے عمرہ کے لیے جانے والوں کی دی جانے والی سہولیات سے آگاہ کیا گیا۔ اس نمائش میں نسک کی شراکت دار ٹریولز، ٹورازم ، عمرہ و حج کمپنیوں و ایجنسیوں کے 400 سے زائد نمائندوں نے شرکت کی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے حج و عمرہ کے وزیر ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ نے متحدہ عرب امارات سے عمرہ کرنے والوں اور زائرین کے لیے متعدد اقدامات کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے شہری اب ایک سے زیادہ بار انٹروی والے ای ویزا کا استعمال کرتے ہوئے عمرہ کر سکتے ہیں اور اپنا قیام 90 دن تک بڑھا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عربین ایئر لائنز نے دبئی سے مدینہ منورہ کے لیے ہفتہ وار تین پروازیں شروع کی ہیں اور رمضان کے مقدس مہینے میں روزانہ کی پروازوں میں بھی اضافہ کیا ہے۔ فلائی ناس نے حال ہی میں اپنے فلائٹ شیڈول میں کچھ تبدیلیاں کی ہیں اور ابوظہبی سے جدہ اور مدینہ کے لیے کم قیمت والی پروازیں شروع کی ہیں۔ مزید برآں دبئی سے جدہ کے لیے پروازوں کی تعداد کو بڑھا کر 29 پروازیں فی ہفتہ کر دیا گیا ہے اور مدینہ کے لیے روزانہ کی پروازوں میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔

نسک نے دبئی فیسٹیول سٹی مال میں نمائش کا اہتمام کیا ہے جس میں مختلف قومیتوں کے زائرین اور سیاحوں کو ورچوئل رئیلٹی (VR) ٹیکنالوجی روشناس کرایا گیا۔یہ نمائش 17 فروری تک جاری رہے گی۔ اس کے علاوہ یو اے ای کی مارکیٹ میں نسک کی منظور شدہ کمپنیوں میں سے ایک کمپنی نے عمرہ کے خواہشمند خوش نصیبوں کو پیکج فراہم کرنے کے لیے پویلین قائم کیا گیا ہے۔

سعودی ٹورازم اتھارٹی کے سی ای او اور ‘نسک’ کے ایم ڈی فہد حمیدالدین نے متحدہ عرب امارات کی مارکیٹ میں شراکت داری قائم کرنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا متحدہ عرب امارات کو عمرہ کے شعبے میں سب سے اہم خلیجی منڈیوں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔ ایسے تعارفی اجلاس اور نمائش کے ذریعے اللہ کے مہمانوں کی خدمت کرنا ہمارا مقصد ہے۔ حمیدالدین نے تعارفی اجلاس کی کامیابیوں اور پویلینز کا دورہ کرنے والے افراد کی گفتگو پراطمینان کا اظہار کیا اور انہوں نے تعمیری رابطے کو فروغ دینے کے لیے سعودی عرب کے مسلسل عزم کو اجاگر کیا تاکہ وہ اللہ کے مہمانوں کی خدمت کی جاسکے۔

متحدہ عرب امارات میں کئی عمرہ اور سفری خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں کے نمائندوں نے اجلاس اور نمائش کے بارے میں مثبت رد عمل کا اظہار کیا اور کہا کہ اس سے سعودی عرب میں ان کے اور ان کے شراکت داروں کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ اقدام کا مقصد یو اے ای کے شہریوں اور رہائشیوں سمیت عمرہ کرنے والوں اور زائرین کو فراہم کی جانے والی خدمات کو بہتر بنانا ہے۔ حتمی مقصد سعودی ویڑن 2030 کے تحت اللہ کے مہمانوں کے تجربے کو بڑھانا اور عمرہ کرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہے۔

نسک ایپ اور ویب سائٹ کو وزارت حج وعمرہ اور سیاحتی اتھارٹی کے تعاون سے ڈیزائن کیا گیا ہے نیز اس میں مختلف قسم کے پیکیجز متعارف کرائے گئے ہیں اور دنیا بھر میں اس کے 200 سے زائد شراکت دار ہیں۔ نسک کے ذریعے عمرہ زائرین ویزے کے علاوہ سفر کے لیے تمام ضروری اشیا، پیکیجز، ہوٹل اور ٹیکسی وغیرہ کی بکنگ اور دیگر خدمات بک کرا سکتے ہیں۔ ایپ کے ذریعے عمرہ کمپنیاں بھی اپنی خدمات فراہم کرتی ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button