
اسلام آباد (اے ون نیوز ڈیسک)پاکستان کی وزارتِ خارجہ نے بھارتی میڈیا کے اس پروپیگنڈے کو مکمل طور پر مسترد کردیا ہے جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ پاکستانی پاسپورٹ سے “اسرائیل کے لیے ناقابلِ استعمال” کی شق ختم کر دی گئی ہے۔
بھارتی ٹی وی چینلز اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس نے گزشتہ دنوں یہ غلط خبر پھیلائی کہ نئی پاسپورٹ بک میں اسرائیل سے متعلق شق حذف کر دی گئی ہے۔ تاہم، وزارتِ خارجہ نے وضاحت کی ہے کہ پاکستانی پاسپورٹ میں ایسی کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، اور یہ شق بدستور برقرار ہے۔
وزارتِ خارجہ کے ترجمان کے مطابق:“پاکستانی پاسپورٹ پر واضح طور پر درج ہے کہ یہ اسرائیل کے سوا تمام ممالک کے لیے قابلِ استعمال ہے۔ اس میں کسی قسم کی تبدیلی یا ترمیم نہیں کی گئی۔”
دوسری جانب ڈی جی پاسپورٹس نے بھی تصدیق کی کہ حالیہ جاری ہونے والی نئی پاسپورٹ بُک میں صرف والد کے ساتھ والدہ کا نام شامل کرنے کی ترمیم کی گئی ہے، جب کہ اسرائیل سے متعلق شق جوں کی توں موجود ہے۔
وزارتِ اطلاعات نے بھی اپنے بیان میں واضح کیا کہ پاکستان کا اسرائیل سے متعلق مؤقف بالکل دوٹوک اور غیر مبہم ہے۔
“پاکستان نے نہ کبھی اسرائیل کو تسلیم کیا ہے اور نہ ہی کسی قسم کا فوجی یا سفارتی تعاون زیرِ غور ہے۔”
حکومتی ذرائع کے مطابق عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر مصدقہ بھارتی خبروں پر یقین نہ کریں اور معلومات صرف سرکاری ذرائع سے حاصل کریں۔
 
				



