انقرہ (اے ون نیوز) ترکیہ کے صدارتی انتخاب کے حتمی مرحلے میں صدر رجب طیب اردوان 52.12 فیصد ووٹ لیکر کامیاب قرار پائے ۔ اتوار کے روز ترکیہ میں صدارتی انتخابات کے حتمی مرحلے میں پولنگ کا سلسلہ مقامی وقت کے مطابق صبح 8 بجے سے 5 بجے تک جاری رہی۔
پولنگ کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل رات گئے تک جاری رہا رات گئے تک 98.06 فیصد ووٹوں کی گنتی مکمل ہوچکی تھی۔جس میں صدر اردوان 52.12 فیصد ووٹ لیکر آگے تھے جبکہ اپوزیشن امیدوار کمال قلیچ دار اوغلو 47.88 فیصد ووٹ حاصل کرسکے ہیں۔اب تک کے نتائج کے مطابق صدر اردوان نے 2 کروڑ 68 لاکھ37 ہزار 84 ووٹ لیے ہیں جبکہ اپوزیشن امیدوار کمال قلیچ دار اوغلو 2 کروڑ 46 لاکھ 54 ہزار 839 ووٹ لیے ہیں۔صدارتی انتخاب میں ٹرن آو¿ٹ 85 فیصد سے زائد رہا۔ اس کے علاوہ اوورسیز ووٹوں کی گنتی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
دوسرے مرحلے میں زیادہ ووٹ لینے والا امیدوار کامیاب قرار پائے گا۔۔ووٹنگ کے دوران دلہا دلہن بھی عروسی لباس پہنے ووٹ ڈالنے پولنگ سٹیشن پہنچے، جبکہ ترک شہری ہسپتال سے اسٹریچر پر ووٹ ڈالنے پہنچ گیا، پولنگ سٹیشن میں موجود افراد نے تالیاں بجا کر مریض ووٹر کی حوصلہ افزائی کی۔اس سے قبل ترک صدر رجب طیب اردوان اور ان کی اہلیہ امینہ اردوان نے استنبول میں اپنے ووٹ کا استعمال کیا جبکہ ملت اتحاد کے صدارتی امیدوار اور رپبلکن پیپلز پارٹی کے چیئر مین کمال قلیچ دار اوغلو اور اہلیہ سیلوی قلیچ دار اوغلو نے دارالحکومت انقرہ میں ووٹ ڈالا۔خیال رہے کہ ترکیہ میں 14 مئی کو ہونے والے صدارتی انتخاب میں ووٹر ٹرن آو¿ٹ 90 فیصد رہا تاہم کسی بھی امیدوار کے 50 فیصد ووٹ حاصل نہ کرنے کے باعث صدر کا فیصلہ نہ ہو سکا۔
پہلے مرحلے میں رجب طیب اردوان کو اپنے مخالف امیدوار پر 5 پوائنٹس کی برتری حاصل ہو گئی تھی تاہم وہ 50 فیصد ووٹ حاصل نہ کرپائے، وہ پہلے مرحلے میں 49.52 فیصد ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے تھے۔ان کے مدمقابل اپوزیشن امیدوار کمال قلیچ دار اوغلو 44.89 فیصد ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے اور سنان اوغنان 5.17 فیصد ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے تھے جب کہ پارلیمانی انتخابات میں رجب طیب اردوان کے اتحادی بلاک نے واضح اکثریت حاصل کر لی تھی۔