اسلام آباد(اے ون نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی سزا معطل کرتے ہوئے رہائی کا حکم دے دیا۔
گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی توشہ خانہ کیس میں سزا معطلی کی درخواست پر فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس نے مختصر فیصلہ سنایا اور چیئرمین پی ٹی آئی کی توشہ خانہ کیس میں سزا معطلی کی درخواست منظور کر لی۔
چیئرمین پی ٹی آئی کی سزا معطلی کی درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری پر مشتمل بنچ نے محفوظ فیصلہ سنایا۔
عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا۔
عدالت نے پی ٹی آئی کے وکلا سے کہا کہ تحریری فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا اور سزا معطلی کی وجوہات بتائی جائیں گی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے 5 اگست کو ٹرائل کورٹ کی جانب سے سنایا گیا فیصلہ معطل کردیا اور چیئرمین پی ٹی آئی کو ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔