راولپنڈی ٹیسٹ میں انگلینڈ نے 95 باؤنڈریز لگا کر نیا ریکارڈ قائم کر دیا جبکہ انگلینڈ کی ٹیم 657 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
راولپنڈی میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ جاری ہے اور انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 657 رنز بنا لیے اور اس کے تمام کھلاڑی آؤٹ ہوگئے جس کے بعد اب پاکستان کی بیٹنگ جاری ہے۔
راولپنڈی ٹیسٹ میں انگلینڈ نے 95 باؤنڈریز لگا کر نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔ انگلینڈ نے پہلی اننگز میں 86 چوکے اور 9 چھکے لگائے۔ پہلی اننگز کے پہلے روز انگلینڈ کے 4 بیٹرز نے سنچریاں داغ دیں جن میں اوپنرز بین ڈکٹ، زیک کراولی، اولی پاپ اور ہیری بروکس شامل ہیں۔
پاکستانی باؤلر زاہد محمود نے 4 اور نسیم شاہ نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد علی 2 اور حارث رؤف نے ایک وکٹ حاصل کی۔
گزشتہ روز انگلینڈ نے 112 سالہ ریکارڈ بھی توڑا۔ پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کھیل کے اختتام پر چار وکٹوں کے نقصان پر 506 رنز بنائے تھے جو کسی بھی ٹیسٹ میچ کے پہلے دن بنایا جانے والا سب سے بڑا اسکور ہے۔
اس سے قبل 1910 میں آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ کے خلاف سڈنی میں 494 رنز بنا کر سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ قائم کیا تھا۔