اہم خبریںپاکستانتازہ ترینکھیل

سنسنی خیز مقابلے کے بعد ملتان کو شکست، اسلام آباد یونائیٹڈ پی ایس یل کا تیسری بار چیمپئن بن گیا

ایچ بی ایل پی ایس ایل سیزن 9 کے فائنل میچ میں ملتان سلطانز کو 2 وکٹوں سے شکست دے کر اسلام آباد یونائیٹڈ نے تیسری بار چیمپئن بننے کا اعزاز اپنے نام کر لیا، عماد وسیم میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں ہونے والے پاکستان سپر لیگ سیزن 9 کے فائنل میچ میں ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنائے، اسلام آباد یونائیٹڈ نے ہدف آخری بال پورا کر لیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ کا آغاز مارٹن گپٹل اور کولن منرو نے کیا، دونوں کی اوپننگ زیادہ دیر نہ چل سکی اور 26 رنز کے مجموعی سکور پر کولن منرو خوشدل شاہ کی بال پر آؤٹ ہو گئے۔

منرو کے بعد آنے والے آغا سلمان بھی مارٹن گپٹل کا کریز پر زیادہ دیر ساتھ نہ دے سکے اور صرف 11 بالز پر 10 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، کپتان شاداب خان بھی بیٹنگ میں خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھ سکے۔

پانچویں نمبر پر آنے والے بیٹر اعظم خان نے مارٹن گپٹل کے ساتھ مل کر مزاحمت کی اور ٹیم کا مجموعی سکور 102 پر پہنچا دیا لیکن اس کے بعد مارٹن گپٹل 32 بالز پر 50 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔

گپٹل کے آؤٹ ہونے کے تھوڑی دیر بعد ہی اعظم خان بھی اسامہ میر کی بال پر رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے ان کے بعد حیدر علی اور فہیم اشرف  کریز پر آئے اور جلد ہی آؤٹ ہو کر واپس لوٹ گئے۔

فہیم اشرف کے آؤٹ ہونے کے بعد عماد وسیم اور نسیم شاہ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی وجہ سے ہدف آخری بال پر پورا ہو گیا، نسیم شاہ نے 17 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ عماد وسیم 19 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، ملتان سلطانز کی جانب سے خوشدل شاہ اور افتخار احمد نے 2، 2، ڈیوڈ ولی، اسامہ میر اور محمد علی نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ملتان سلطانز کی جانب سے عثمان خان 57 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے، محمد رضوان نے 26 اور خوشدل شاہ نے 11 رنز بنائے، یاسر خان اور ڈیوڈ ولی نے 6، 6 رنز بنائے، اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے عماد وسیم نے 5 اور شاداب خان نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button