لاہور(اے ون نیوز) لاہور، اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں کہیں تیز اور کہیں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔
صوبائی دارالحکومت لاہور کے مختلف علاقوں ایبٹ روڈ، گڑھی شاہو، ڈیوس روڈ، ریلوے سٹیشن، مال روڈ، کینال روڈ، جیل روڈ، مزنگ چونگی، قرطبہ چوک، سمن آباد اور گلشن راوی میں بادل برسے،چوبرجی، اسلام پورہ، مغل پورہ، گارڈن ٹاون، مسلم ٹاون، نشتر ٹاون اور گلبرگ کے اطراف میں موسلادھار بارش سے حبس ختم ہونے سے موسم خوشگوار ہوگیا، درجہ حرارت میں کمی سے گرمی کے ستائے شہریوں کے چہرے کھل اٹھے۔
ادھر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی اور کشمیر میں صبح سویرے تیز بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا، جڑواں شہروں میں صبح سے تیز اور ہلکی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جس کے باعث سڑکوں پر بارش کا پانی جمع ہوگیا ہے۔
پنجاب کے دیگر شہروں گجرات، حافظ آباد، وزیر آباد، شکرگڑھ، شرقپور و دیگر مقامات پر بھی موسلادھار بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا، گجرات میں بارش کا 50 سالہ ریکارڈ ٹوٹنے سے نشیبی علاقے پانی میں ڈوب گئے۔
دوسری جانب پی ڈی ایم اے کے مطابق 29 سے 31 جولائی کے دوران جنوبی پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارش کے امکانات ہیں۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا، ملتان، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور، لاہور، فیصل آباد، ساہیوال اور گجرات ڈویڑنز میں مون سون بارشیں متوقع ہیں، موسمی صورتحال کے بارے متعلقہ انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔