لاہور (اے ون نیوز)امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز نے دعویٰ کیا ہے کہ اسماعیل ہنیہ کے کمرے میں پہلے سے بم نصب تھا،کمرے میں ہنیہ کی موجودگی کی تصدیق کے بعد ریموٹ کنٹرول کے ذریعے سے دھماکہ کیا گیا۔
اسماعیل ہنیہ کی شہادت تہران کے گیسٹ ہاوس میں پہلے سے نصب ریموٹ کنٹرول بم سے ہوئی، یہ بم 2 ماہ قبل اِس اہم ترین عمارت میں سمگل کیا گیا تھا۔ شمالی تہران میں واقع یہ گیسٹ ہاوس ایک بڑے کمپاونڈ کا حصہ ہے جس کی سیکیورٹی پاسدارانِ انقلاب کے پاس ہے۔
” امریکی جریدے کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ بم کو ریموٹ کنٹرول سے اس وقت دھماکہ کیا گیا جب اسماعیل ہنیہ کی اپنے کمرے میں موجودگی کنفرم ہوئی۔ دھماکے میں ان کا ذاتی محافظ بھی شہید ہوا۔ دھماکے سے عمارت کی کھڑکیاں ٹوٹیں اور باہر کی دیوار جزوی طور پر گر گئی۔ اسماعیل ہنیہ تہران کے دوروں میں کئی مرتبہ اس گیسٹ ہاوس میں قیام کر چکے ہیں۔ ایرانی حکام، حماس اور کئی امریکی اہلکاروں کا کہنا ہے کہ حملے کا ذمہ دار اسرائیل ہے۔
امریکی اخبار کی رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اگرچہ اسرائیل نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی لیکن اسرائیلی انٹیلی جنس اہلکاروں نے حملے کے فوراً بعد امریکہ اور دیگر مغربی حکومتوں کے ساتھ آپریشن کی تفصیلات شیئر کیں۔