اسلام آباد(اے ون نیوز)ہزارہ اور ایم ون موٹروے پر پی ٹی آئی کارکنان کے تشدد سے زخمی ہونے والا پولیس کانسٹیبل مبشرشہید جبکہ 70 سے زائد اہلکار زخمی ہوگئے۔
ہکلہ کے قریب جھڑپوں کے دوران پی ٹی آئی کارکنان نے پولیس اہلکاروں کو تشدد کا نشانہ بنایا جس کے بعد انہیں طبی امداد کے لیے تحصیل ہیڈ کوارٹر حسن ابدال منتقل کیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق پی ٹی آئی کے کارکنان نے احتجاج کے دوران ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکاروں پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں 46 سالہ کانسٹیبل مبشر سر پر چوٹ لگنے کی وجہ سے شہید ہوگیا۔
زخمی اہلکار کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ متوفی کے سوگواران میں دو بیٹیاں، ایک بیٹا اور بیوی شامل ہے۔
شر پسندوں کے تشدد کی وجہ سے پولیس کے 70 اہلکار زخمی ہوئے جن کے سر، بازو اور ٹانگوں پر زخم آئے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے عوام کے جان و مال کی تحفظ کیلئے پرعزم ہیں، سی سی ٹی وی فوٹیجز سے شرپسند حملہ آوروں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔شدت پسند شر پسند عناصر کو ہر حال میں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔