
میاں چنوں (اے ون نیوز)بچے کی پیدائش کی خوشی میں مسجد کے لاؤڈ سپیکر سے اعلان کرنے پر شہری کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔
پولیس حکام نے بتایا کہ بچے کی پیدائش کی خوشی میں مسجد سے اعلان کرنے پر تھانہ چھب کلاں پولیس نے پنجاب ساؤنڈ سسٹم ایکٹ کے تحت شہری کے خلاف مقدمہ درج کیا۔
حکام کے مطابق تصور نامی شہری نے مسجد گلزار مدینہ سے اپنے بچے کی پیدائش کی خوشی میں اعلان کیا تھا۔
واضح رہے کہ پنجاب ساؤنڈ سسٹم ایکٹ 2015 کے تحت صوبے میں ساؤنڈ سسٹم کے غیر ضروری اور بلند آواز میں استعمال پر پابندی ہے، خلاف ورزی کرنے والے کو چھ ماہ تک قید اور 25 ہزار سے 1 لاکھ روپے تک جرمانے کی سزا ہو سکتی ہے۔
اکتوبر 2025 میں اوکاڑہ میں پولیس نے معروف گلوکارہ نصیبو لال کا گانا اونچی آواز میں بجانے پر رکشہ ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔ پولیس کا کہنا تھا کہ کارروائی پنجاب ساؤنڈ سسٹم ایکٹ کے تحت کی گئی۔
پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ قانون کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔




