
سیلیکون ویلی(اے ون نیوز)میٹا کی جانب سے طویل عرصے سے اسمارٹ فونز کے متبادل کے لیے اگیومینٹڈ رئیلٹی (اے آر) ٹیکنالوجی پر مبنی اسمارٹ گلاسز کی تیاری پر کام کیا جا رہا ہے۔
مگر یہ ڈیوائس 2027 سے پہلے متعارف کرائے جانے کا امکان نہیں۔ایک رپورٹ کے مطابق میٹا نے مکسڈ رئیلٹی گلاسز متعارف کرانے کا عمل 2027 تک ملتوی کر دیا ہے۔
فونیکس کے کوڈ نیم سے تیار کیے جانے والے اس مکسڈ رئیلٹی گلاسز کو پہلے 2026 کی دوسری ششماہی میں متعارف کرائے جانے کا امکان تھا۔مگر نئی رپورٹ میں بتایا گیا کہ اب گلاسز کو 2027 کی پہلی ششماہی میں پیش کیا جائے گا۔
میٹا کی جانب سے پہلے ہی ورچوئل رئیلٹی ہیڈ سیٹس اور رے بین اسمارٹ گلاسز فروخت کیے جا رہے ہیں۔مگر مکسڈ رئیلٹی گلاسز بہت زیادہ مختلف ہوں گے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ مارک زکربرگ نے گلاسز کو متعارف کرانے میں تاخیر کا فیصلہ اس لیے کیا تاکہ وہ اسے زیادہ معیاری بنا سکیں۔
2023 میں بھی ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ میٹا کی جانب سے پہلے اے آر گلاسز 2027 میں فروخت کے لیے پیش کیے جائیں گے۔
جولائی 2024 میں میٹا کے چیف ایگزیکٹو مارک زکربرگ نے پیشگوئی کی تھی کہ مستقبل میں ہر فرد کی آنکھوں پر آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی سے لیس اسمارٹ گلاسز ہوں گے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ اسمارٹ گلاسز کا استعمال ایک نیا ٹرینڈ بن جائے گا۔یعنی وہ اس ڈیوائس کو اسمارٹ فونز کا متبادل تصور کرتے ہیں۔
خیال رہے کہ میٹا کی جانب سے 2021 میں اپنے اولین اسمارٹ گلاسز کو Ray Bans نامی کمپنی کے اشتراک سے تیار کیا گیا تھا۔




