
لاہور(اے ون نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ نے سینٹرل کنٹریکٹ کی شرائط، میڈیا پالیسی اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر نسیم شاہ کے خلاف انضباطی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ پی سی بی کے مطابق یہ نوٹس بورڈ کے ڈسپلنری فریم ورک کے تحت جاری کیا گیا ہے۔
کرکٹ بورڈ نے نسیم شاہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ مقررہ وقت کے اندر اس نوٹس کا جواب جمع کروائیں۔ پی سی بی نسیم شاہ کے جواب کا جائزہ لینے کے بعد قواعد و ضوابط کے مطابق اگلے لائحہ عمل کا فیصلہ کرے گا۔
بورڈ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پی سی بی پیشہ ورانہ معیار، کھلاڑیوں کے معاہدوں کی پاسداری اور کھیل کے وقار کو برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے اور اس حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
واضح رہے کہ گزشہ روز پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے افتتاح کے موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز قذافی سٹیڈیم آئیں۔ اس موقع پر نسیم شاہ کے ایکس اکاؤنٹ سے ایک پوسٹ کی گئی تھی جس میں لکھا گیا کہ ’انہیں ملکہ کی طرح کیوں پروٹوکول دیا جارہا ہے‘؟،کچھ دیر بعد اس پوسٹ کو ڈیلیٹ بھی کردیا گیا تھااور نسیم شاہ کی جانب سے وضاحت بھی آئی تھی کہ ان کا ایکس اکاؤنٹ ہیک ہو گیا تھا جسے بعد میں کامیابی کے ساتھ بحال کرا لیا گیا۔




