
نیو یارک(اے ون نیوز)کیریبین ملک جمیکا سے امریکی شہر نیویارک کے جان ایف کینیڈی انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر جب معمول کی ایک پرواز نے لینڈ کیا تو اس میں ایک اور مسافر کا اضافہ ہوچکا تھا۔
جی ہاں واقعی کیریبین ائیرلائنز کی یہ پرواز 4 اپریل کو جمیکا کے شہر کنگسٹن سے روانہ ہوئی تھی اور دوران پرواز ایک خاتون مسافر کے ہاں بچے کی پیدائش ہوئی۔
اس سے نومولود بچے کی شہریت کے حوالے سے بھی دلچسپ صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔
فضائی کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ دوران پرواز ایمرجنسی کا سامنا ہوا مگر سب کچھ ٹھیک رہا اور خاتون نے بچے کو جنم دیا۔
بیان کے مطابق نیویارک پہنچنے کے بعد ماں اور بچے کا معائنہ طبی ٹیم نے کیا اور ضروری نگہداشت فراہم کی۔
بیان میں یہ نہیں بتایا گیا کہ نومولود لڑکا ہے یا لڑکی ، یا 4 گھنٹے طویل پرواز کے کس مرحلے میں اس کی پیدائش ہوئی۔
اس حوالے سے طیارے کے پائلٹ اور ایک ائیرپورٹ کے ائیر ٹریفک کنٹرولر کے درمیان گفتگو بھی ہوئی جس سے عندیہ ملا کہ ممکنہ طور پر یہ بچہ لڑکا ہے۔
پائلٹ نے ائیر کنٹرولر کو بتایا کہ سب کچھ ٹھیک ہے اور ماں نے بچے کا نام کینیڈی رکھا ہے۔
مگر اس کے بعد یہ بحث سامنے آئی کہ نومولود کو کس ملک کی شہریت حاصل ہوگی کیونکہ اس حوالے سے صورتحال غیر واضح ہے۔
اس کی وجہ یہ ہے کہ بچے کے والدین کے بارے میں تفصیلات موجود نہیں اور یہ بھی معلوم نہیں جب بچے کی پیدائش ہوئی تو طیارہ حقیقت میں کس جگہ پرواز کر رہا تھا۔
اگر تو بچے کے والدین میں سے کوئی ایک امریکی شہری ہے تو بچے کو امریکی شہریت حاصل ہوگی۔
والدین امریکی نہیں تو بھی امریکی قوانین کے مطابق اگر امریکی فضائی حدود میں پرواز کرنے والے طیارے میں کسی بچے کی پیدائش ہوتی ہے تو اسے امریکی شہریت حاصل ہوگی۔
اس حوالے سے امریکی سرحدی حکام کو پیدائش کے حوالے سے چند دستاویزات درکار ہوتی ہیں جیسے طیارے کی میڈیکل لاگ، پائلٹ لاگ، پیدائش کا وقت اور پیدائش کے وقت طیارہ کس مقام پر موجود ہوتا ہے وغیرہ۔
امریکی آئین کے مطابق امریکی حدود میں پیدا ہونے والے افراد امریکی شہری ہوتے ہیں مگر صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دوسری بار صدر بننے کے بعد ایک ایگزیکٹو آرڈر جاری کیا تھا جس کے تحت امریکی شہریت والے جوڑوں کے بچوں کو ہی شہریت دی جاتی ہے۔
اس ایگزیکٹو آرڈر کو ایک امریکی وفاقی عدالت نے بلاک کر دیا تھا اور اس حوالے سے کیس امریکی سپریم کورٹ میں زیرسماعت ہے۔
عام طور پر فضائی کمپنیوں کو ایسی حاملہ خواتین کو سفر کی اجازت نہیں دی جاتی جن کے حمل کو 36 ہفتوں سے زائد کا وقت ہوچکا ہو اور 28 ہفتوں سے حاملہ خواتین کو میڈیکل سرٹیفکیٹ کے ساتھ سفر کی اجازت دی جاتی ہے۔
کیریبین ائیرلائنز کے بیان میں بتایا کہ اس موقع پر پرواز میں ایمرجنسی کا نفذ نہیں کیا گیا جبکہ ماں کی جانب سے پرائیویسی کی درخواست کی گئی۔




