اہم خبریںپاکستانتازہ ترینٹیکنالوجی

پاکستان کے مختلف شہروں میں انٹرنیٹ سروس سست ہونے کی شکایات

اسلام آباد(اے ون نیوز)پاکستان کے مختلف شہروں میں انٹرنیٹ سروس سست ہونے کی شکایات سامنے آئی ہیں۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے تصدیق کی ہے کہ بین الاقوامی زیرِ سمندر ایس ایم ڈبلیو 5 کیبل میں خرابی کے باعث بعض صارفین کو انٹرنیٹ سروس میں تعطل اور سست روی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

پاکستان کے مختلف شہروں میں جمعرات کو انٹرنیٹ سروس متاثر ہونے کی شکایات سامنے آئیں، جس کے باعث صارفین کو ویب براؤزنگ، سوشل میڈیا اور دیگر آن لائن سروسز کے استعمال میں مشکلات پیش آئیں۔

انٹرنیٹ کنیکٹیویٹی پر نظر رکھنے والے ادارے ڈاؤن ڈیٹیکٹر کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں سے انٹرنیٹ سروس متاثر ہونے کی متعدد شکایات موصول ہوئیں، جب کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بھی صارفین نے انٹرنیٹ کی رفتار سست ہونے کی نشاندہی کی۔

بعد ازاں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ایک بیان میں تصدیق کی کہ بین الاقوامی زیرِ سمندر ایس ایم ڈبلیو 5 کیبل میں خرابی کے باعث ملک میں انٹرنیٹ ٹریفک متاثر ہوئی ہے، جس کے نتیجے میں بعض صارفین کو وقفے وقفے سے کنیکٹیویٹی اور سروس کے معیار میں کمی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

پی ٹی اے کے مطابق ٹرانس ورلڈ ایسوسی ایٹس (ٹی ڈبلیو اے)، ایس ایم ڈبلیو 5 کنسورشیم کے ساتھ مل کر خرابی کی بنیادی وجہ اور سروس کی بحالی کے متوقع وقت کا تعین کر رہی ہے۔

اتھارٹی نے بتایا کہ صارفین پر اثرات کم سے کم رکھنے کے لیے انٹرنیٹ ٹریفک کو متبادل بین الاقوامی لنکس پر منتقل کیا جا رہا ہے تاکہ خدمات کا تسلسل ممکن حد تک برقرار رکھا جا سکے۔

پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ وہ صورتِ حال کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے اور متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطے میں ہے تاکہ ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس جلد از جلد معمول پر لائی جا سکے۔

دریں اثنا، پی ٹی اے نے ایک الگ اعلامیے میں بتایا کہ ڈیوائس آئیڈینٹیفکیشن، رجسٹریشن اینڈ بلاکنگ سسٹم (ڈی آئی آر بی ایس) کو مزید بہتر بنانے کے لیے اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔ اس اپ گریڈ کے باعث ڈی آئی آر بی ایس پورٹل اور اس سے متعلق تمام خدمات 3 جولائی شام 5 بجے سے 6 جولائی صبح 4 بجے تک عارضی طور پر دستیاب نہیں ہوں گی۔

پی ٹی اے کے مطابق اپ گریڈ کے بعد مقامی طور پر تیار کیا گیا نیا نظام عام صارفین اور کاروباری اداروں کے لیے موبائل ڈیوائس رجسٹریشن کے عمل کو مزید آسان اور مؤثر بنائے گا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button