
اسلام آباد (اے ون نیوز) وزٹ ویزے پر یو اے ای جانے والے پاکستانیوں کے لیے اہم ہدایات جاری کردی گئیں ، جس میں سخت پابندیوں کے حوالے سے بتایا گیا ہے۔
بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ (اسلام آباد) نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں مقیم اور سفر کرنے والے پاکستانی شہریوں کے لیے ایک اہم ہدایے نامہ جاری کیا ہے۔ ادارے نے شہریوں کو تاکید کی ہے کہ وہ اپنے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے امارات کے قوانین کا احترام کریں اور ممنوعہ سرگرمیوں سے مکمل طور پر گریز کریں۔
بیورو کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کے مطابق وزٹ ویزا پر کام کرنا ممنوع ہے، جبکہ ویزا کی مدت ختم ہونے سے قبل اس کی تجدید کرانا ضروری ہے۔غیر قانونی طور پر قیام یا کام کرنے کی صورت میں مشکلات اور قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
پاکستانیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ سوشل میڈیا پر حکومت، ثقافت یا حساس معاملات کے خلاف قابلِ اعتراض مواد شیئر کرنے سے گریز کریں اور حساس یا اہم مقامات کی تصاویر یا ویڈیوز بنانے سے پہلے اجازت حاصل کریں۔کسی تنازع کی صورت میں قانون ہاتھ میں نہ لیا جائے اور پولیس سے رابطہ کیا جائے، جبکہ غیر قانونی احتجاجی مظاہروں سے بھی دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
بیورو نے خواتین کے احترام اور انہیں ہراساں نہ کرنے پر بھی زور دیا ہے جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ میں خواتین کے لیے مخصوص نشستوں کا خیال رکھنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔مزید برآں پاکستانی شہریوں کو غیر قانونی کام سے گریز، ویزا قوانین کی پابندی اور ممنوعہ ادویات متحدہ عرب امارات نہ لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔




