اہم خبریںتازہ تریندنیا

یوکرینی صدر کا طیارہ اوسلو آتے ہوئے ڈرون کا نشانہ بننے سے بال بال بچا، نارویجین وزیراعظم

اوسلو(اے ون نیوز)یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی کا طیارہ ناروے جاتے ہوئے مبینہ طور پر ایک ڈرون کی زد میں آنے سے بال بال بچ گیا۔ ناروے کے وزیراعظم جوناس گیر اسٹویر نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ اس خطرے کی عکاسی کرتا ہے جس کا یوکرینی صدر کو مسلسل سامنا ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ناروے کے وزیراعظم نے بدھ کے روز سرکاری نشریاتی ادارے ’این آر کے‘ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یہ واقعہ منگل کے روز اس وقت پیش آیا جب صدر زیلنسکی کو ناروے کے بادشاہ کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے اوسلو پہنچنا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ یوکرینی صدر کا طیارے پڑوسی ملک مالڈووا کے ہوائی اڈے سے ٹیک آف کرنے لگا تو ایک ڈرون اس کے انتہائی قریب سے گزرا، تاہم ان کا طیارہ حادثے کا شکار ہونے سے بال بال بچا۔

اس واقعے پر تبصرہ کرتے ہوئے نارویجن وزیراعظم نے یوکرینی صدر کو درپیش مستقل خطرات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ وہ سنگین خطرات ہیں جس کا یوکرینی صدر کو مسلسل سامنا ہے۔

اگرچہ ناروے کے وزیراعظم نے اس واقعے کی تصدیق کی ہے، تاہم انہوں نے اس حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

نارویجین سرکاری ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم جوناس گیر اسٹویر نے یہ واضح نہیں کیا کہ انہیں اس واقعے کی معلومات کس ذریعے سے موصول ہوئیں یا وہ ڈرون صدر زیلنسکی کے طیارے کے کتنا قریب تھا۔

واضح رہے کہ صدر زیلنسکی منگل کی شام اوسلو پہنچے تھے، جہاں انہوں نے نارویجین وزیراعظم، وزیرِ خزانہ اور وزیر خارجہ سے ملاقاتیں کی تھیں۔ ان ملاقاتوں میں ناروے کی یوکرین کے لیے فوجی امداد، خصوصاً فضائی دفاع کے لیے تعاون اور شہری امداد پر بھی بات چیت کی گئی۔

بدھ کے روز یوکرینی صدر نے متعدد غیر ملکی رہنماؤں اور اہم شخصیات کے ہمراہ 28 اگست کو انتقال کرجانے والے ناروے کے بادشاہ آنجہانی ہیرالڈ کی آخری رسومات میں شرکت کی۔

ناروے کے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ صدر زیلنسکی آخری رسومات میں شرکت کے بعد ناروے سے کینیڈا کے لیے روانہ ہو گئے ہیں، جہاں ان کی کینیڈین قیادت کے ساتھ ملاقاتیں طے ہیں۔

واضح رہے کہ صدر زیلنسکی اس سے قبل بھی کئی مرتبہ حملوں اور حادثات سے بال بال بچے ہیں۔روس یوکرین جنگ کے آغاز کے بعد سے اب تک ان پر حملوں کی متعدد کوششیں ہو چکی ہیں جنہیں یوکرینی اور یورپی سیکیورٹی ایجنسیوں نے ناکام بنایا ہے۔

دسمبر 2025 میں آئرلینڈ کے دارالحکومت ڈبلن میں بھی ایسا ہی ایک سنگین واقعہ پیش آیا تھا،جب صدر زیلینسکی کا طیارہ چند منٹ قبل لینڈنگ کی وجہ سے چار مشکوک ڈرونز کی زد میں آنے سے بال بال بچا تھا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button