
لندن(اے ون نیوز)لندن کے قریب واقع گوگل کلاؤڈ کے ایک ڈیٹا سینٹر میں منگل کے روز بجلی کی بندش کے باعث برطانیہ کے متعدد بڑے بینکوں اور دیگر اداروں کا نظام متاثر ہوا۔
امریکی ٹیکنالوجی کمپنی گوگل کی سروس اپ ڈیٹ کے مطابق، بجلی میں تعطل کے باعث ان کی کلاؤڈ سروسز متاثر ہوئیں۔
گوگل کلاؤڈ میں خرابی کے باعث ڈیجیٹل بینک ‘ریوولٹ’ کی سروسز، بشمول اے ٹی ایم ، بینک ٹرانسفرز اور کارڈ ٹاپ اپس شدید متاثر ہوئے۔ اس کے علاوہ برطانیہ کے معروف بینکوں لائیڈز اور ایچ ایس بی سی نے بھی اپنے صارفین کو موبائل ایپ اور آن لائن بینکنگ تک رسائی میں درپیش مشکلات کی تصدیق کی ہے۔
انٹرنیٹ سروسز کی بریک ڈاؤن پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ ‘ڈاؤن ڈیٹیکٹر’ کے مطابق، بینکوں کے علاوہ برطانیہ کی قومی ڈاک سروس ‘رائل میل’ سمیت درجنوں دیگر کاروباری اداروں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔




