
اسلام آباد(اے ون نیوز)قومی احتساب بیورو (نیب) نے پاکستان پوسٹ آفس ڈیپارٹمنٹ میں مبینہ غیر قانونی بھرتیوں کے معاملے پر جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے صاحبزادے اور سابق وفاقی وزیر برائے مواصلات و پوسٹل سروسز اسعد محمود کو دوسرا کال اپ نوٹس جاری کرتے ہوئے 13 نومبر کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا ہے۔
نیب راولپنڈی میں پاکستان پوسٹ آفس ڈیپارٹمنٹ کے افسران، اہلکاروں اور دیگر افراد کے خلاف مبینہ غیر قانونی بھرتیوں کے الزامات پر انکوائری جاری ہے۔ اس سلسلے میں اسعد محمود سے بھی ان کے دور وزارت 2022 سے 2023 کے دوران ہونے والی مبینہ بھرتیوں سے متعلق پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔
اسعد محمود کو 10 نومبر 2026 کو نیب کے سامنے ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی تھی تاہم وہ آج پیش نہیں ہوئے اور اپنے وکیل کے ذریعے تحریری جواب جمع کرادیا۔
نیب حکام نے سابق وفاقی وزیر مواصلات کا تحریری جواب غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے انہیں دوبارہ طلب کرنے کا فیصلہ کیا۔
نیب کی جانب سے جاری دوسرے کال اپ نوٹس میں اسعد محمود کو جمعہ 13 نومبر 2026 کو صبح 11 بجے ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔
نوٹس میں واضح کیا گیا ہے کہ مقررہ تاریخ پر پیش نہ ہونے کی صورت میں قومی احتساب آرڈیننس 1999 کی دفعہ 31 کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جاسکتی ہے۔




