
لندن(اے ون نیوز)مائیکروسافٹ سروسز میں عالمی تعطل متعدد گھنٹے گزرنے کے باوجود برقرار ہے جس سے دنیا بھر میں صارفین کو مشکلات کا سامنا ہو رہا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سروسز میں تعطل کے باعث 74 ممالک کے صارفین، کاروباری ادارے اور سرکاری محکمے متاثر ہوئے ہیں۔
اسی طرح ویب سائٹ ڈاؤن ڈیٹیکٹر کے مطابق گزشتہ روز سے اب تک آؤٹ لک ای میل سروس میں مسائل کی شکایات ایک لاکھ 40 ہزار کے قریب پہنچ گئی ہیں۔
مائیکروسافٹ کا کہنا ہے کہ متعدد خطوں میں سرورز غیر متوقع طور پر دستیاب نہ ہونے کے باعث باقی سرورز پر کام کا دباؤ بڑھ گیا، جس سے سروسز متاثر ہوئیں۔
کمپنی نے بتایا کہ سروسز کی بحالی کی کوششوں میں مثبت پیشرفت ہوئی ہے. لیکن اب تک کیے گئے اقدامات سے مستقل بحالی ممکن نہیں ہو پا رہی۔
مائیکرو سافٹ نے مزید بتایا کہ ایسا نہیں لگتا کہ سروسز میں مسائل ہیکنگ حملے کا نتیجہ ہے کیونکہ ابھی تک کسی مشتبہ سرگرمی کو نوٹس نہیں کیا گیا۔
مائیکرو سافٹ کی سروسز جیسے آؤٹ لک ڈاٹ کام، ون ڈرائیو، ون نوٹ، مائیکرو سافٹ ٹو ڈو، ٹیمز اور مائیکرو سافٹ 365 متاثر ہوئی ہیں۔
ایسا اس وقت ہوا ہے جب اینوڈیا کے بحران نے دنیا بھر میں حصص مارکیٹوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے اور مائیکرو سافٹ سروسز متاثر ہونے سے مارکیٹوں کو ایک اور درد سر کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
دوسری جانب میڈیا رپورٹس کے مطابق مائیکرو سافٹ کے اس تعطل کے اثرات دیگر ٹیکنالوجی کمپنیوں تک بھی پہنچ رہے ہیں۔
اوپن اے آئی نے مائیکرو سافٹ سروسز سے رابطے میں مسائل کی تحقیقات شروع کردی ہیں، جبکہ انتھروپک نے بھی مائیکرو سافٹ 365 سے منسلک سروسز میں خرابی کی نشاندہی کی ہے۔




