
ڈھاکہ(اے ون نیوز)بلائنڈ ایشیا کپ ٹی 20 میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد روایتی حریف بھارت کو ایک وکٹ سے شکست دے کر مسلسل تیسری کامیابی کے ساتھ ایونٹ کے فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔
ڈھاکا میں کھیلے گئے پاک بھارت مقابلے میں بھارتی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 179 رنز بنائے اور پاکستان کو جیت کے لیے 180 رنز کا ہدف دیا۔
بھارتی بیٹنگ میں ڈرگا راؤ نمایاں رہے، جنہوں نے 45 گیندوں پر 61 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی اور اپنی ٹیم کو بڑا مجموعہ ترتیب دینے میں اہم کردار ادا کیا جب کہ پاکستان کی جانب سے بدر منیر اور بابر علی نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
پاکستان نے 180 رنز کا مطلوبہ ہدف آخری گیند پر 9 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرکے بھارت کو ایک وکٹ سے ہرادیا۔ میچ آخری اوور تک سنسنی خیز مرحلے میں داخل ہوگیا۔ پاکستان کو آخری دو گیندوں پر 7 رنز درکار تھے، ایسے میں جنید نے چھکا لگا کر میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔
پاکستان کی جانب سے اوپنر نثار علی نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 64 رنز اسکور کیے اور ٹیم کو ہدف کے قریب پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
بھارت کے خلاف اس سنسنی خیز فتح کے بعد قومی کھلاڑیوں نے میدان میں بھرپور جشن منایا۔
واضح رہے کہ پاکستان نے ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں میزبان بنگلادیش کو 126 رنز سے شکست دی تھی جب کہ دوسرے میچ میں سری لنکا کو 10 وکٹوں سے ہرایا تھا۔
یوں پاکستان نے مسلسل تیسری کامیابی حاصل کرکے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔ بلائنڈ ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کا فائنل 20 نومبر کو کھیلا جائے گا۔





One Comment