اہم خبریںتازہ تریندنیا

بنگلادیش میں گارمنٹس ورکرز کا احتجاج زور پکڑ گیا، 500 فیکٹریاں بند

ڈھاکہ(اے ون نیوز)بنگلادیش میں تنخواہوں میں اضافے کے مطالبے پر گارمنٹ ورکرز کا احتجاج ملک بھر میں پھیل گیا ہے۔ احتجاج کے باعث تقریباً 500 گارمنٹ فیکٹریاں بند ہو چکی ہیں۔

بنگلا دیش میں گارمنٹس ورکرز اکتوبر سے تنخواہوں میں اضافے کے لیے احتجاج کر رہے ہیں۔مزدوروں کا مطالبہ ہے کہ خوراک، رہائش، ٹرانسپورٹ اور طبی سہولتوں کے بڑھتے اخراجات کے باعث کم از کم ماہانہ اجرت 12 ہزار 500 ٹکا سے بڑھا کر 30 ہزار ٹکا مقرر کی جائے۔ یہ موجودہ کم از کم اجرت کے مقابلے میں 140 فیصد اضافہ ہوگا۔

رپورٹ کے مطابق گارمنٹس مینوفیکچررز نے ملک کی تقریباً ساڑھے چار ہزار فیکٹریوں میں سے 500 فیکٹریاں بند ہونے کی تصدیق کی ہے، جس سے مزدوروں میں بے چینی مزید بڑھ رہی ہے۔رپورٹ کے مطابق منگل کی صبح زیادہ تر فیکٹریاں کھلی تھیں، لیکن احتجاج مرکزی شاہراہ تک پھیلنے کے بعد انہیں بند کر دیا گیا۔

واضح رہے کہ بنگلادیش میں کم از کم اجرت کا اعلان دسمبر میں متوقع ہے، جبکہ اس کا اطلاق جنوری سے ہوگا۔ رپورٹ کے ماطبق مزدوروں کو تشویش ہے کہ ان کے مسائل کو نئی تنخواہوں کی تجویز میں مناسب طور پر شامل نہیں کیا جائے گا۔

یہ اجلاس ملتوی ہونے کے بعد منگل کے روز گارمنٹ فیکٹریوں میں کام کرنے والے ملازمین سڑکوں پر نکل آئے، جنہیں منشتر کرنے کے لیے بنگلا دیشی پولیس نے آنسو گیس کا استعمال کیا۔

پولیس کی جانب سے طاقت کے استعمال پر مظاہرین نے پتھراؤ کرتے ہوئے پولیس کی گاڑیوں کو آگ لگا دی اور دارالحکومت ڈھاکا کو اہم کاروباری مرکز میمن سنگھ سے ملانے والی مرکزی شاہراہ کو بھی بند کر دیا۔

بنگلہ دیش کے لیبر قوانین میں ’کام نہیں تو اجرت نہیں‘ کی شق کے تحت پیداوار متاثر ہونے کی صورت میں فیکٹری مالکان کام بند کرکے مزدوروں کی تنخواہیں روک سکتے ہیں۔

فیکٹری مالکان نے لیبر قوانین کی اسی شق کے تحت ہڑتال کے دوران کام بند رکھنے والی فیکٹریوں کو غیر معینہ مدت کے لیے بند کرنے اور تنخواہیں روکنے کی دھمکی دی ہے۔

حکومت نے رواں ماہ آجروں اور مزدوروں کے نمائندوں پر مشتمل ’ویج بورڈ‘ قائم کیا تھا، جس کی ذمہ داری تنخواہوں میں اضافے کے معاملے پر مذاکرات کرنا ہے۔ کم از کم تنخواہ کا اعلان دسمبر میں متوقع ہے، جبکہ اس کا اطلاق جنوری سے ہونا ہے۔

منگل کے روز احتجاج میں شدت اس وقت آئی جب پیر کے روز تنخواہوں کا تعین کرنے والے ادارے ’ویج بورڈ‘ کا اہم اجلاس ملتوی کر دیا گیا، جس کی وجہ مزدوروں کی نمائندگی کرنے والے ایک رکن کی طبیعت کی خرابی بتائی گئی، بورڈ کے مطابق اب اجلاس 23 نومبر کو ہوگا۔

کرسمس سے پہلے احتجاج سے برآمدات متاثر ہونے کا خدشہ
بنگلا دیش 17 کروڑ آبادی والا ملک ہے جو چین کے بعد دنیا میں ملبوسات برآمد کرنے والا دوسرا بڑا ملک ہے، جہاں معروف بین الاقوامی برانڈز کے لیے کپڑے تیار کیے جاتے ہیں۔

ملک کی گارمنٹس انڈسٹری سالانہ 38 ارب ڈالر کی آمدن پیدا کرتی ہے اور 40 لاکھ سے زائد افراد کو روزگار فراہم کرتی ہے۔ تاہم اجرتوں، کام کے حالات اور مزدوروں کے حقوق سے متعلق تنازعات اس صنعت کو طویل عرصے سے متاثر کر رہے ہیں۔

امریکہ بنگلہ دیش کی ملبوسات کی مصنوعات کی سب سے بڑی انفرادی منڈی ہے، جبکہ یورپی یونین اس کا سب سے بڑا تجارتی بلاک ہے۔

کرسمس سے قبل ملبوسات کی برآمدات کا مصروف ترین سیزن شروع ہونے والا ہے۔ ایسے میں ملک میں جاری صورت حال کے باعث فیکٹریوں کی بندش اور مزدوروں کی ہڑتال سے بنگلا دیش کی اہم برآمدی صنعت متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button