اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

برطانیہ اور پاکستان کے درمیان معدنیات کے شعبے میں تعاون کا تاریخی معاہدہ

اسلام آباد(اے ون نیوز)پاکستان اور برطانیہ کے ارضیاتی سروے کے ادارے ملک میں معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کے فروغ اور باہمی شراکت داری پر متفق ہو گئے ہیں۔

برطانوی ہائی کمیشن کے ترجمان کے مطابق اس سلسلے میں برطانوی جیولوجیکل سروے (BGS) اور جیولوجیکل سروے آف پاکستان (GSP) نے مل کر ارضیاتی نقشہ سازی، تحقیق اور ڈیٹا کے تبادلے کے لیے ایک معاہدے کا مسودہ تیار کر لیا ہے۔

اس شراکت داری کا بنیادی مقصد پاکستان میں معدنی وسائل کی ذمہ دارانہ اور شفاف ترقی کو یقینی بنانا، مستند معلومات کی فراہمی، تکنیکی مہارت اور سائنسی تحقیق کے معیار کو بلند کرنا ہے۔

پس منظر اور موجودہ صورتحال:
اسلام آباد میں منعقدہ "پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم” کے دوران برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے اس مجوزہ شراکت داری پر روشنی ڈالی تھی اگرچہ پاکستان معدنی وسائل کے لحاظ سے بے پناہ صلاحیت کا حامل ہے، لیکن تشویشناک بات یہ ہے کہ ملک کی مجموعی قومی پیداوار (GDP) میں کان کنی کے شعبے کا حصہ اب بھی 2 فیصد سے کم ہے۔

جامع فریم ورک اور اہم شعبے:
اس مجوزہ معاہدے کے تحت دونوں ممالک کے درمیان طویل المدتی تعاون کا ایک جامع فریم ورک قائم کیا جائے گا، جس میں درج ذیل اہم شعبے شامل ہوں گے جس میں تکنیکی معلومات اور تجربات کا تبادلہ،متعلقہ اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ، جدید ارضیاتی نقشہ سازی اور سائنسی طریقہ کار کا فروغ،معیاری اور قابلِ اعتماد ارضیاتی ڈیٹا کی تیاری و تبادلہ،’’کریٹیکل منرلز‘‘ (اہم معدنیات) کے شعبے میں باہمی تعاون،ماحولیاتی پائیداری اور ذمہ دارانہ کان کنی کے فروغ کے اقدامات شامل ہیں ۔

پاکستانی عملے کے لیے خصوصی تربیت:
اس تعاون کے پہلے مرحلے کے تحت، جیولوجیکل سروے آف پاکستان کے عملے نے برطانیہ کی مالی معاونت سے 16 ہفتوں پر مشتمل ایک جدید تکنیکی تربیت کامیابی کے ساتھ مکمل کر لی ہے۔ یہ تربیت برطانیہ کے "ریونیو موبلائزیشن، انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ پروگرام (REMIT)” کے تحت دی گئی جس میں پاکستانی ماہرین کو درج ذیل جدید شعبوں میں عملی مہارت فراہم کی گئی۔

ڈیجیٹل ارضیاتی سروے،جیوکیمیکل نمونوں کا حصول اور تجزیہ،فضائی جیو فزیکل سروے،جغرافیائی معلوماتی نظام (GIS) اور نقشہ سازی کے جدید سافٹ ویئر کا استعمال،اسپیکٹرل ریموٹ سینسنگ اور بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ جدید سائنسی طریقے شامل ہیں۔

برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ کے خیالات

برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان معدنی وسائل کے حوالے سے غیر معمولی صلاحیت رکھتا ہے، تاہم اس صلاحیت کو مقامی آبادی کے لیے پائیدار روزگار، برآمدات اور بہتر سرمایہ کاری کے مواقع میں تبدیل کرنا ناگزیر ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس مقصد کے لیے قابلِ اعتماد ارضیاتی ڈیٹا، مضبوط ادارے اور ماحول دوست و شفاف سپلائی چینز کا قیام بہت ضروری ہے۔ برطانیہ کو اس بات پر فخر ہے کہ وہ عالمی معیار کی برطانوی مہارت اور پاکستانی صلاحیتوں کو یکجا کر رہا ہے تاکہ ان بنیادی شعبوں کو مضبوط کیا جا سکے، سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو اور پاکستان بھر کی مقامی آبادیوں کے لیے طویل المدتی معاشی مواقع پیدا ہوں۔

اس مجوزہ شراکت داری سے پاکستان کے معدنی شعبے میں جدید ٹیکنالوجی، تحقیق اور بین الاقوامی مہارتوں کو فروغ ملے گا، اس کے نتیجے میں معدنی وسائل کی درست نشاندہی، بہتر منصوبہ بندی اور شفاف سرمایہ کاری کے مواقع میں نمایاں اضافہ متوقع ہے، جس کا حتمی مقصد ملکی معیشت، برآمدات کو مستحکم کرنا اور مقامی سطح پر روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button