اہم خبریںپنجابتازہ ترین

پنجاب میں ”پنچائیت“نظام کی اصولی منظوری،عدالتوں پر مقدمات کا بوجھ کم ہوگا، مریم نواز

لاہور(اے ون نیوز )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کاحکومت اور اختیارات کی نچلی سطح تک شرکت داری کیلئے پنچائیت کے ذریعے ثالثی، صلح اور دوستانہ تصفیہ کا نظام لانے کا بڑے فیصلہ کیا ہے۔

پنچائیت کے ذریعے پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ سب سے بڑی سماجی تبدیلی رونما ہوگئی اورانصاف عوام کی دہلیز پر موجود ہوگا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے پنجاب میں ”پنچائیت“نظام کی اصولی منظوری دے دی۔ وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس میں پنچائیت کے قیام کیلئے تفصیلی بریفنگ میں بتایا گیا کہ یونین کونسل، موضع، علاقے اور گاؤں کی سطح پر پنچائیت کمیٹیاں بنیں گی۔

پنچائیت کمیٹی تنازعات کو فریقین کی باہمی رضامندی سے حل کرے گی۔ ڈپٹی کمشنر غیر جانبدار اور عوامی اعتماد رکھنے والے مستقل رہائشی کو رکن پنچائیت مقرر کرے گا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنچائیت کے ارکان کا انتخاب نیک نامی،غیر جانبداری اوردانشمندی کی بنیاد پر کیا جائے گا۔خواتین،اقلیتیں،غربا اورپسماندہ طبقات کیلئے انصاف کی رسائی آسان ہوگی۔

پنچائیت کا نظام قانونی،انصاف اورغیر جانبداری کی مقررہ قانونی حدود کے اندر کام کرنے کا پابند ہوگا۔ پنچائیتی نظام کے ساتھ ساتھ عدالتی دائرہ ا ختیار اورفرد کے عدالتی تحفظ کے حصول کے حق کو بھی برقرار رکھا جائے گا۔پنچائیت میں نمبردار،اساتذہ، ریٹائرڈ جج، ریٹائرڈآرمی آفیسر، ریٹائرڈ سول سرونٹس اور دیگر معزز ین رکن ہوں گے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے پنچائیت پروگرام کیلئے رولز، پالیسی گائیڈ لائن اور ضوابط کا جامع پلان طلب کر لیا۔ وزیراعلیٰ نے پنچائیت کے اختیارات کے تعین کیلئے واضح قواعد و ضوابط متعین کرنے کی ہدایت کی۔ پنجائتی نظام کا خواتین یا کمزور طبقات کیخلاف ممکنہ استعمال روکنے کے لئے دائرہ اختیار سے متعلق نیگیٹو لسٹ بھی جاری کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ تنازعات کو باہمی افہام و تفہیم مکالمے اورمعززین کی دانشمندی سے حل کیا جا سکتا ہے۔پنجاب میں معاشرتی ثالثی کے ذریعے چھوٹے موٹے جھگڑے نمٹانا صدیوں پرانی روایت ہے۔پنچائیتی نظام شہریوں کو نظام انصاف میں شراکت دار بنانے کی کاوش ہے۔

باہمی اختلافات کو حل کرنے کیلئے عدالت ہی پہلا فورم نہیں بلکہ پنچائیٹ کو ہونا چاہیے۔تنازعات کولیگل فریم ورک میں غیر رسمی حل کیلئے پنجاب پنچائیت ایکٹ متعارف کرایا جارہا ہے۔پنجاب پنچائیت ایکٹ باہمی رضامندی کے ذریعے تنازعے حل کرنے کا سادہ کم خرچ اورآسان فورم ہوگا۔حکومت عوام کو نچلی سطح پر اختیارات میں شراکت دار بنانا چاہتی ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے مزید کہا کہ عوام کو اپنے فیصلے خود کرنے کا اختیار دیاجائے گا۔پنچائیت کے قیام سے عدالتوں پر مقدمات کا بوجھ کم ہوگا۔ پنچائیت کے ذریعے فوری اور سستا انصاف ممکن ہوسکے گا۔ حکومت سماجی تبدیلی کے ذریعے انصاف کو عوام کی دہلیز تک لائے گی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button