
اسلام آباد(اے ون نیوز)ایوان صدر میں پاکستان پیپلزپارٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال، حکومت کے ساتھ قانون سازی کے مختلف امور اور نئے صوبوں کے قیام پر جاری بحث سمیت اہم سیاسی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں صدر مملکت آصف علی زرداری، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری اور ڈاکٹر فریال تالپور نے شرکت کی جب کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور سہیل انور سیال بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال، بالخصوص متنازع امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ حکومت اور پیپلزپارٹی کے درمیان قانون سازی کے مختلف معاملات پر ہونے والی بات چیت کا بھی جائزہ لیا گیا۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ اجلاس میں نئے صوبوں کے قیام سے متعلق جاری بحث بھی زیر غور آئی اور اس معاملے پر شرکا کے درمیان گفتگو ہوئی۔




