
حافظ آباد(اے ون نیوز)سابق وفاقی وزیر چودھری لیاقت عباس بھٹی گھر میں پر اسرار طورپرمردہ حالت میں پائے گئے۔ کمرے سے نعش برآمد۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او فواد احمد، ایس پی انویسٹی گیشن فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ ڈی پی او فواد احمد کے مطابق چودھری لیاقت عباس بھٹی کی موت مشکوک حالات میں ہوئی ہے۔
پولیس واقعہ کی مختلف پہلووں سے تحقیقات کر رہی ہے۔ سیکیورٹی گارڈ کا واقعہ میں ملوث ہونے کاخدشہ ہے جو سابق وفاقی وزیر کی ذاتی گاڑیوں اوراسلحہ سمیت غائب ہیں۔
ملازمین کا سراغ لگانے اور گاڑیاں برآمد کرنے کیلئے کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔تمام پہلووں کو مدنظر رکھتے ہوئے قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
واضح رہے کہ لیاقت عباس بھٹی سابق ایم این اے مہدی حسن بھٹی کے بھائی اور پی ٹی آئی کی رکن قومی اسمبلی انیقہ مہدی بھٹی کے چچا تھے۔ وہ دو بار رکن قومی اسمبلی اور ایک مرتبہ صوبائی اسمبلی کے ممبر جبکہ وفاقی وزیر ہاوسنگ اینڈ ورکس بھی رہ چکے ہیں۔
سابق وفاقی وزیر کی پراسرار موت پر سیاسی و سماجی حلقوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے اور واقعہ کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔




