اہم خبریںتازہ تریندنیا

امریکی عدالت نے سکھ علیحدگی پسند رہنما کے قتل کی سازش کے جرم میں بھارتی شہری کو 19 سال قید کی سزا سنادی

نیو یارک(اے ون نیوز)امریکہ میں بھارتی حکومت کی پشت پناہی میں ایک سکھ علیحدگی پسند رہنما کو قتل کرنے کی ناکام سازش کا اعتراف کرنے والے بھارتی شہری کو 19 سال سے زائد قید کی سزا سنا دی گئی۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق قتل کی یہ سازش اس وسیع تر مہم کا حصہ تھی جسے امریکی اور کینیڈین حکام بھارتی حکومت کے ناقدین اور مخالفین کو نشانہ بنانے کی کوشش قرار دیتے ہیں۔

خبررساں ایجنسی رائٹرزکے مطابق 55 سالہ نکھل گپتا نے رواں سال فروری میں اجرتی قتل، اجرتی قتل کی سازش اور منی لانڈرنگ کی سازش کے الزامات میں اعترافِ جرم کیا تھا۔

امریکی ڈسٹرکٹ جج وکٹر ماریرو نے مین ہیٹن کی وفاقی عدالت میں ہونے والی سماعت کے دوران ملزم کو 235 ماہ (19 سال 7 ماہ) قید کی سزا سنائی۔

استغاثہ نے نکھل گپتا پر الزام عائد کیا تھا کہ اس نے ایک بھارتی سرکاری اہلکار کے ساتھ مل کر نیویارک میں قائم تنظیم ‘سکھس فار جسٹس’ کے رہنما اور امریکی و کینیڈین شہریت کے حامل گرپتونت سنگھ پنوں کو قتل کرنے کی سازش تیار تھی۔

عدالتی دستاویزات کے مطابق نکھل گپتا اور بھارتی حکومتی اہلکار وکاش یادو نے ایک مبینہ قاتل کو 15 ہزار ڈالر نقد رقم پہنچانے کا انتظام کیا تھا جو دراصل امریکی قانون نافذ کرنے والے ادارے کا ایک خفیہ اہلکار تھا۔

وکاش یادو پر بھی اس مقدمے میں فردِ جرم عائد کی گئی ہے تاہم وہ امریکی حراست میں نہیں ہے اور یہ بھی واضح نہیں ہے کہ آیا اس نے اپنا کوئی وکیل مقرر کیا ہے یا نہیں۔

بھارتی حکومت نے گرپتونت سنگھ پنوں کے خلاف کسی بھی سازش سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدامات حکومتی پالیسی کے خلاف ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button