لاہور (اے ون نیوز ) پاکستان مسلم لیگ ن نے عام انتخابات کے لئے درخواستوں کی وصولی شروع کردی۔
پاکستان مسلم لیگ ن نے قومی اور صوبائی اسمبلی کے لیے ایک فارم جاری کیا ہے، ن لیگ کی ٹکٹ کے خواہش مند 10 نومبر تک فارم بمعہ فیس جمع کروا سکتے ہیں، ن لیگ کی قومی اسمبلی کی جنرل اور مخصوص نشست کے لئے دو لاکھ روپے ٹکٹ فیس مقرر کی گئی ہے، صوبائی اسمبلی کی جنرل اور مخصوص نشست کی ٹکٹ کے خواہشمند کو ایک لاکھ روپے فیس ادا کرنا ہوگی۔
مخصوص نشست کے لئے نامزد امیدواروں کو دو لاکھ روپے اضافی بھی جمع کروانے ہوں گے، درخواست بمعہ بینک ڈرافٹ پاکستان مسلم لیگ ن کے لاہور سیکرٹریٹ بذریعہ کوریئر یا خود جمع کروانا ہو گی، پارٹی ٹکٹ کی فیس کے لئے کراس چیک قابل قبول نہیں ہوگا، مسلم لیگ ن کے حصول ٹکٹ فارم میں اقرار نامہ بھی شامل کیا گیا ہے۔
درخواست گزار کو قائد نواز شریف اور صدر شہباز شریف کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرنا لازمی ہے، پارٹی ٹکٹ ملنے یا نہ ملنے کی صورت میں پارٹی ڈسپلن کی پابندی کرنا ہوگی، مرکزی اور صوبائی قیادت کے احکامات اور ہدایات پر عمل کرنا ہوگا، جماعتی سرگرمیوں کے ساتھ ن لیگ کی کامیابی کے لئے بھرپور کوشش کرنا ہوگی، فارم میں آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 کے معیارات پر بھی پورا اترنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔