بلال پاشا نے سر پر گولی مار کر خودکشی کی،بیٹے نے کبھی نہیں کہا وہ پریشان ہے، والدکا بیان
خودکشی کرنے والے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) کنٹونمنٹ بورڈ بنوں بلال پاشا کے والد کا بیان سامنے آگیا۔
میڈیا سے گفتگو میں بلال پاشا کے والد کا کہنا تھا کہ میرے بیٹے نے مجھ سےکبھی نہیں کہا کہ وہ پریشان ہے یا اسےکوئی ٹینشن ہے۔
والد بلال پاشا کے مطابق ہم غریب لوگ ہیں، میرا بیٹا کوئی نوابوں کا بیٹا نہیں تھا، میرے بیٹے کی صلاحیت، اخلاق اور پیار مجھے بہت یاد آتا ہے، وہ مجھے ایسے سمجھاتا تھا جیسے کوئی باپ بیٹےکو تسلی دیتا ہے۔
دوسری جانب ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) بنوں اسماعیل خان کا کہنا ہے کہ انہوں نے واقعےکا خود ہر پہلو سے جائزہ لیا، واقعہ خودکشی کا ہی ہے، پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق بلال پاشا نے سر پر گولی مار کر خودکشی کی۔
ڈی پی او کا کہنا ہےکہ بلال پاشا کا ٹرانسفر بنوں سے راولپنڈی ہوگیا تھا۔
خیال رہے کہ سی ای او کنٹونمنٹ بورڈ بنوں بلال پاشا نے خودکشی کرلی تھی۔
پولیس کے مطابق بلال پاشا کی خون میں لت پت لاش ان کے گھر سے ملی جہاں انہوں نے خود کو گولی ماری، ان کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال بنوں منتقل کیا گیا۔
بلال پاشا کی نماز جنازہ کنٹونمنٹ بورڈ میں ادا کی گئی جس کے بعد ان کی میت کو تدفین کے لیے ان کے آبائی علاقے خانیوال روانہ کیا گیا۔