نادرا کی جانب سے پی ٹی آئی رہنماؤں کے شناختی کارڈ بلاک کرنے کی تردید کردی گئی ہے۔
ترجمان نادرا کا کہنا ہے کہ نادرا نے ایسا کوئی ایکشن نہیں لیا نہ ہی کسی کورٹ نے احکامات جاری کیے ہیں، شناختی کارڈ بلاک کرنے کا ایک مکمل قانونی پروسیجر ہوتا ہے۔ابھی تک نہ کوئی ایسی کارروائی ہوئی ہے نہ وزارت داخلہ نے احکامات جاری کیے ،شناختی کارڈ سے متعلق افواہیں نہ پھیلائی جائیں۔
خیال رہے کہ آج کچھ میڈیا چینلز کی جانب سے خبر نشر کی گئی تھی کہ نادرا نے پولیس کی درخواست پر 9 مئی کے واقعات میں ملوث 18 پی ٹی آئی رہنماؤں کے شناختی کارڈز بلاک کر دیئےہیں۔پولیس حکام کے مطابق تمام ملزمان اے ٹی سی میں پیش ہوئے بغیر قانونی حقوق حاصل نہیں کر سکتے، شامل تفتیش ہونے تک ملزمان کے قومی شناختی کارڈز بلاک رہیں گے۔پولیس کا کہنا ہے کہ 18 اشتہاری ملزمان جن کے شناختی کارڈ بلاک کئے گئے ہیں ان میں مراد سعید، اعظم سواتی، حماد اظہر، میاں اسلم اقبال، کرامت کھوکھر، علی امین گنڈاپور، واثق قیوم، مسرت جمشید چیمہ اور جمشید چیمہ شامل ہیں۔حکام کے مطابق زبیر نیازی، ملک ندیم عباس، غلام محی الدین دیوان کے شناختی کارڈ بھی بلاک کئے گئے ہیں۔