اہم خبریںتازہ ترینکھیل

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق آل راؤنڈر عماد وسیم نے دوسری شادی کرلی

کراچی(اے ون نیوز)قومی کرکٹ ٹیم کے سابق آل راؤنڈر عماد وسیم نے دوسری شادی کرلی۔

سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں عماد وسیم نے اپنی دوسری شادی کی اطلاع دی۔

عماد وسیم کا کہنا تھا کہ میری پہلی شادی کامیاب نہ ہوسکی جو کہ میری زندگی کے سب سے مشکل ادوار میں سے ایک تھا تاہم اس کے باوجود اس دوران مجھے میری زندگی کی سب سے بڑی نعمتیں میرے بچوں کی صورت میں عطا ہوئیں جن سے میں بے انتہا محبت کرتا ہوں اور یہ محبت کبھی ختم نہیں ہوگی۔

عماد وسیم کا کہنا تھا کہ میں ضرورت سے زیادہ عرصے تک صبر کرتا رہا اور امید کا دامن تھام کر اُن چیزوں کو بچانے کی کوشش کرتا رہا جو میرے لیے سب سے زیادہ اہم تھیں۔ اس دوران میں نے کچھ ایسے فیصلے کیے جن پر مجھے افسوس ہے کیونکہ میری تاخیر اور خاموشی ایک ایسی صورتِ حال کا باعث بنی جس میں ایک بے گناہ شخص کو ناحق پرکھا گیا اور ایسی تنقید کا سامنا کرنا پڑا جس کی وہ مستحق نہیں تھی، اس معاملے پر میں خود کو ذمہ دار سمجھتا ہوں۔

آل راؤنڈر عماد وسیم کا کہنا تھا کہ اللہ کے فضل اور اپنے والدین کی رہنمائی سے میں نے اب نائلہ سے نکاح کر لیا ہے۔ یہ قدم سوچ سمجھ کر اور واضح نیت کے ساتھ اٹھایا گیا ہے تاکہ ایک ایسی زندگی شروع کی جاسکے جو سکون، استحکام اور باہمی احترام پر قائم ہو۔ نائلہ میری زندگی میں وقار، سکون اور استحکام لانے کا باعث بنی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سب سے بڑھ کر میری وابستگی اپنے بچوں کے ساتھ ہے۔ باپ ہونا صرف نان و نفقہ فراہم کرنے کا نام نہیں بلکہ باپ کی موجودگی، محبت اور رہنمائی بھی اس کا حصہ ہیں۔ اپنی پوری کوشش کے باوجود میں اب بھی اُن سے ملنے سے قاصر ہوں۔ میری واحد خواہش یہ ہے کہ میں اُن کی زندگی میں فعال اور بامعنی کردار ادا کر سکوں۔

انہوں نے اپیل کی کہ میری ذاتی زندگی کو وقار اور رازداری کے ساتھ دیکھا جائے۔ ہر بات پر عوامی مباحثہ ضروری نہیں ہوتا اور نہ ہی ہر معاملے پر تبصرہ لازم ہے۔ بعض اوقات آگے بڑھنے کا سب سے باوقار راستہ ہمدردی اور حدود کے احترام کے ساتھ اختیار کیا جاتا ہے۔

خیال رہے کہ عماد وسیم کی 2019 میں ثانیہ اشفاق سے شادی ہوئی تھی اور دونوں کے 3 بچے ہیں۔

دسمبر 2025 میں عماد وسیم نے اپنی اہلیہ سے علیحدگی کے لیے کیس دائر کیا تھا۔

اپنی ازدواجی زندگی کے حوالے سے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں عماد وسیم نےکہا تھا کہ کافی سوچ بچار کی، میرے اور اہلیہ کے درمیان کچھ برسوں سے اختلافات حل نہ ہوسکے اس لیے اب میں نے طلاق کے لیے کیس دائر کردیا ہے۔

عماد وسیم کا یہ بھی کہنا تھا کہ سب سے درخواست ہےکہ ہماری نجی زندگی کا خیال رکھا جائے، پرانی تصاویر کے اوپر دھیان نہ دیں کسی کے ساتھ نہ جوڑا جائے اور کوئی بیانیہ تشکیل دینے سے گریز کیا جائے۔

دوسری جانب عماد وسیم کی سابقہ اہلیہ ثانیہ اشفاق اس معاملے پر پھٹ پڑیں اور انسٹاگرام اسٹوری میں عماد وسیم کی دوسری شادی کی ویڈیوز اور تصویر جاری کردیں۔

ثانیہ اشفاق کا کہنا تھا کہ اب سب کے سامنے ثبوت آچکے ہیں، میں اپنے بچوں کے لیے انصاف چاہتی ہوں۔ انہوں نے عماد وسیم اور ان کی نئی بیوی کو سخت تنقید کا بھی نشانہ بنایا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button