اہم خبریںتازہ تریندنیا

متحدہ عرب امارات کا تہران میں اپنا سفارت خانہ بند کرنے کا اعلان

ابو ظہبی (اے ون نیوز) متحدہ عرب امارات نے ایران کی جانب سے میزائل حملوں کے بعد تہران میں قائم اپنا سفارت خانہ بند کرنے، اسلامی جمہوریہ ایران میں تعینات اپنے سفیر کو واپس بلانے اور سفارتی مشن کے تمام ارکان کو فوری طور پر واپس طلب کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

اماراتی حکومت کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ ایران کی جانب سے کیے گئے کھلے اور جارحانہ میزائل حملوں کے ردعمل میں کیا گیا، جن میں اماراتی سرزمین کو نشانہ بنایا گیا۔

اماراتی وزارت خارجہ کے مطابق ایرانی حملوں میں رہائشی علاقوں، ہوائی اڈوں، بندرگاہوں اور دیگر سروس تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا، جس سے معصوم شہریوں کی جانیں شدید خطرے میں پڑ گئیں۔

بیان میں ان حملوں کو غیر ذمہ دارانہ اور خطرناک اشتعال انگیزی قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ یہ قومی خودمختاری کی صریح خلاف ورزی ہے اور بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی کھلی پامالی کے مترادف ہے۔

وزارت خارجہ نے واضح کیا کہ سفارت خانہ بند کرنے اور سفارتی عملہ واپس بلانے کا فیصلہ امارات کے اس غیر متزلزل مؤقف کی عکاسی کرتا ہے کہ وہ اپنی سلامتی اور خودمختاری کے خلاف کسی بھی جارحیت کو برداشت نہیں کرے گا۔

وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ ایران کا مسلسل اشتعال انگیز طرز عمل خطے میں کشیدگی کم کرنے کی کوششوں کو سبوتاژ کر رہا ہے اور صورتحال کو ایک نہایت خطرناک رخ پر لے جا رہا ہے۔

اماراتی بیان میں خبردار کیا گیا کہ ایسے اقدامات نہ صرف علاقائی بلکہ عالمی امن و استحکام کے لیے بھی سنگین خطرہ ہیں، جبکہ توانائی کے تحفظ اور عالمی معیشت کے استحکام پر بھی منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button