
لندن(اے ون نیوز)سابق وزیراعظم عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما گولڈ سمتھ نے پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف سے انسانی بنیادوں پر براہِ راست اپیل کی ہے کہ ان کے بیٹوں، سلیمان اور قاسم خان کو اپنے والد سے ملنے کے لیے فوری طور پر ویزے جاری کیے جائیں۔
سوشل میڈیا پر جاری ایک بیان میں جمائما گولڈ سمتھ نے کہا کہ ان کے بیٹوں نے جنوری میں دوبارہ ویزا کی درخواستیں جمع کرائی تھیں لیکن 60 دن گزرنے کے باوجود تاحال کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔
انہوں نے نشاندہی کی کہ پاکستانی قونصل خانے کے مطابق آن لائن ویزا کا عمل عام طور پر 7 سے 10 ورکنگ دنوں میں مکمل ہو جاتا ہے تاہم ان کے بیٹوں کے معاملے میں اس طے شدہ وقت کی سنگین خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔
جمائما نے وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف کی جانب سے بین الاقوامی میڈیا پر کیے گئے ان وعدوں کا حوالہ بھی دیا جن میں کہا گیا تھا کہ عمران خان کے صاحبزادے پاکستان آ کر اپنے والد سے بحفاظت ملاقات کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سلیمان اور قاسم نے 2022 میں عمران خان پر ہونے والے قاتلانہ حملے کے بعد سے اپنے والد کو نہیں دیکھا، بیٹوں کو اپنے والد سے فون پر بات کرنے یا خط و کتابت کی بھی اجازت نہیں دی جا رہی۔
جمائما نے وزیراعظم شہباز شریف سے اپیل کی کہ عمران خان کی گرتی ہوئی صحت کی اطلاعات کے پیشِ نظر ملاقات کی اجازت فی الفور دی جائے۔
جمائما گولڈ سمتھ نے اس بات پر بھی حیرت کا اظہار کیا کہ جن بچوں سے وہ گزشتہ 4 سال سے نہیں مل سکے، ان کی ملاقات کی راہ میں ابھی تک رکاوٹیں حائل ہیں۔ یاد رہے کہ عمران خان اس وقت اڈیالہ جیل میں قید ہیں اورحالیہ دنوں میں ان کی صحت اور جیل مینوئل کے مطابق سہولیات کی فراہمی پر قانونی اور سیاسی بحث جاری ہے۔




