
لاہور(اے ون نیوز)پاکستانی کرکٹ ٹیم کے نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ ان دنوں سرخیوں میں ہیں۔ جس کے باعث انہیں پی سی بی کی جانب سے نوٹس بھی موصول ہوا ہے۔
پی ایس ایل کے 11 ویں ایڈیشن کا آغاز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں حیدرآباد اور لاہور کے درمیان افتتاحی میچ سے ہوا، لیکن میچ کے بعد نسیم شاہ اپنے ایک وائرل ٹویٹ کی وجہ سے توجہ کا مرکز بن گئے۔
نسیم شاہ کے آفیشل ایکس (ٹویٹر) اکاؤنٹ سے ایک ٹویٹ وائرل ہوا جو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے خلاف تھا۔ مریم نواز اس میچ میں مہمانِ خصوصی تھیں اور شائقین کو داخلے کی اجازت نہ ہونے کے باوجود وہ اپنے خاندان کے ہمراہ وہاں موجود تھیں، جس پر نسیم شاہ کے اکاؤنٹ سے تنقید کی گئی۔

ٹویٹ میں لکھا گیا تھا کہ "انہیں اس طرح کیوں ٹریٹ کیا جا رہا ہے جیسے لارڈز کرکٹ اسٹیڈیم میں ملکہ انگلستان کو کیا جاتا ہے؟” یہ ٹویٹ صرف 14 منٹ تک آن لائن رہا اور پھر اسے ڈیلیٹ کر دیا گیا، لیکن اس دوران سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث چھڑ گئی۔

اب نسیم شاہ نے اس ٹویٹ سے لاتعلقی کا اظہار کر دیا ہے۔ انہوں نے وضاحت کی ہے کہ ان کا اکاؤنٹ ہیک کر لیا گیا تھا اور یہ سیکیورٹی کی خلاف ورزی کا نتیجہ تھا۔
اکاؤنٹ ریکور ہونے کے بعد اب وہ ٹویٹ ہٹا دیا گیا ہے۔ نسیم شاہ نے اپنا باضابطہ موقف جاری کرتے ہوئے اسے ہیکنگ کا شاخسانہ قرار دیا ہے۔
دوسری جانب، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اس وائرل ٹویٹ پر نسیم شاہ کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا ہے اور اب انہیں اس حوالے سے باقاعدہ وضاحت پیش کرنی ہوگی۔




