
واشنگٹن(اے ون نیوز)امریکی صحافتی تحقیقاتی ادارے ڈراپ سائٹ نیوز کی رپورٹ کے مطابق سی آئی اے نے اسرائیل کے مستقبل سے متعلق سنسنی خیز رپورٹ تیار کی ہے۔
واشنگٹن سے امریکی میڈیا کے مطابق یہ جائزہ اگست میں سی آئی اے کے ریڈ سیل نے تیار کیا تھا، جس کے مطابق اسرائیل کو خانہ جنگی یا ریاست کے مکمل خاتمے کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔
جائزہ رپورٹ کے مطابق مسلسل جنگوں کے باعث اسرائیل سیاسی، اقتصادی اور سماجی تقسیم کا شکار ہے۔ غزہ، لبنان اور ایران جنگ نےاسرائیل کے اندر موجود دراڑوں کو مزید گہرا کر دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق طویل جنگوں سے واپس آنے والے اسرائیلی فوجی شدید نفسیاتی صدمے کا شکار ہیں، فوجیوں کی بھرتی کا تنازعہ اسرائیل میں اہم ترین مسئلے کے طور پر ابھرا ہے۔
جائزہ رپورٹ کے مطابق اسرائیل کی بڑھتی ہوئی تنہائی اور امریکا میں اس کے لیے کم ہوتی ہوئی حمایت اندرونی عدم استحکام کی وجہ ہے۔
جائزہ رپورٹ کے مطابق نیتن یاہو کا اقتدار سے چمٹے رہنا، معاشی مسائل اور فوجی اخراجات بھی عدم استحکام کی وجہ ہیں۔
رپورٹ کے مطابق یہودی آبادکاروں کی بڑھتی ہوئی پرتشدد کارروائیاں اسرائیل کے لیے خطرہ ہیں۔
امریکی میڈیا کےمطابق سی آئی اے نے جائزہ رپورٹ پر تبصرے کی درخواست پر جواب نہیں دیا۔




