
میڈرڈ (اے ون نیوز )سپین، پرتگال اور فرانس میں بڑا بلیک ڈاون ہوا ہے، جس کے باعث بجلی کی فراہمی منقطع ہو گئی جبکہ لاکھوں افراد متاثر ہوئے۔
بلیک آوٹ کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکی۔سپین کے ریاستی بجلی کے نیٹ ورک کے آپریٹر ریڈ الیکٹریکا نے ایکس پر ایک بیان بتایا کہ ملک کے شمالی اور جنوبی حصوں میں بجلی کی بحالی کا عمل شروع کر دیا ہے۔پرتگال کے رین آپریٹر کا کہنا تھا کہ پورا آئبیریائی جزیرہ اور فرانس کا کچھ حصہ اس بلیک آوٹ سے متاثر ہوا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے نے ہسپانوی ریڈیو سٹیشن کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ دارالحکومت میڈرڈ کے زیر زمین حصے کو خالی کیا جا رہا ہے، کیڈر سیر ریڈیو سٹیشن نے رپورٹ کیا کہ میڈرڈ شہر کے مرکز میں ٹریفک جام ہے کیونکہ ٹریفک لائٹس نے کام کرنا چھوڑ دیا ہے۔
سپین کے گرڈ آپریٹر کے سربراہ ایڈورڈو پریٹو کا کہنا تھا کہ الیکٹرک گرڈ پر بجلی کی بحالی میں 6 سے 10 گھنٹے لگ سکتے ہیں۔پرتگالی پولیس نے کہا کہ ملک بھر میں ٹریفک لائٹس متاثر ہیں، لزبن اور پورٹو میں میٹرو بند ہے اور ٹرینیں نہیں چل رہیں۔
دریں اثنا حکام کم از کم ایک گھنٹے بعد بھی بندش کی وجہ بتانے سے قاصر ہیں، عہدیداروں کا کہنا تھا کہ ممکنہ سائبر حملے کو مسترد نہیں کیا جاسکتا جبکہ تحقیقات جاری ہیں۔ صورتحال سے باخبر لوگوں کے مطابق سپین میں صورتحال سنبھالنے کے لئے ایک کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔
ہسپانوی اور پرتگالی حکومتوں نے بریک ڈاون کے بعد کابینہ کے ہنگامی اجلاس طلب کر لئے۔