
لاہور (اے ون نیوز)مسلم لیگ (ق) کے بانی، سابق گورنر پنجاب اور تحریک انصاف کے سینئر رہنما میاں محمد اظہر طویل سیاسی سفر کے بعد دنیا فانی سے کوچ کر گئے۔
میاں اظہر نے اپنے سیاسی کیریئر کا آغاز 1960 کی دہائی کے اختتام پر کیا۔ وہ ابتدا میں پاکستان پیپلز پارٹی سے منسلک رہے، بعدازاں 1987 سے 1991 تک لاہور کے میئر کے فرائض انجام دیے۔ 1990 سے 1993 کے دوران انہیں گورنر پنجاب کے عہدے پر فائز ہونے کا موقع ملا۔
انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے ساتھ بھی سیاسی طور پر بھرپور کردار ادا کیا اور 1988 کے بعد قومی اسمبلی میں اپنی نمائندگی پیش کی۔ 1997 میں وہ حلقہ شاہدرہ سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے، لیکن 1999 میں انہوں نے ایک نئی جماعت مسلم لیگ (ق) کی بنیاد رکھی، جو جنرل پرویز مشرف کے اقتدار سنبھالنے کے بعد ابھری۔ تاہم، 2002 کے انتخابات میں انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
میاں اظہر بعد ازاں پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہوئے اور 2024 میں لاہور کے حلقہ این اے-129 سے آزاد حیثیت میں قومی اسمبلی کا انتخاب جیتا، جہاں انہوں نے 1 لاکھ 3 ہزار 718 ووٹ حاصل کیے۔
ان کی وفات پر سیاسی و سماجی حلقوں نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔