گوجرانوالہ میں لانگ مارچ کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی کے کنٹینر پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ عمران خان اور فیصل جاوید سمیت 13 افراد زخمی ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق حملہ آور نے پہلے برسٹ چلایا پھر ایک گولی چلائی، حملہ آور نے کالے رنگ کے کپڑے پہن رکھے تھے۔
زخمی ہونے والوں میں سینیٹر فیصل جاوید بھی شامل ہیں، اس کے علاوہ حامد ناصر چٹھہ کے صاحبزادے احمد چٹھہ اور چوہدری محمد یوسف بھی زخمی ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ احمد چھٹہ کی حالت تشویش ناک ہے۔
اس واقعے کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر کافی وائرل ہورہی ہے جس میں ایک نوجوان کو حملہ آور کا ہاتھ پکڑتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ اس نوجوان کی شناخت ابتسام کے نام سے ہوئی ہے۔
فائرنگ کرنے والے شخص کو پکڑنے والےابتسام نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ حملہ آور تیاری میں نہیں تھا، اس نے ایک فائر کیا، حملہ آورکا پستول آٹومیٹک تھا،جب میں نے پکڑا تو پستول سے فائر ہوتے رہے، افسوس ہے کہ حملہ آور کو پہلی گولی فائر کرنے سے پہلے نہیں پکڑ سکا۔