اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

انجو نے بھارت جا کر یوٹرن لے لیا

 35سالہ بھارتی خاتون انجو اس وقت میڈیا کی شہ سرخیوں میں آئی جب وہ بھارت میں اپنا شوہر اور بچے چھوڑ کر پاکستان چلی آئی اور یہاں خیبرپختونخوا کے علاقے دیر کے رہائشی نصراللہ نامی نوجوان کے ساتھ شادی کر لی۔ انجو نے شادی سے قبل اسلام قبول کیا اور اپنا نام فاطمہ رکھا۔ چند ماہ پاکستان میں رہنے کے بعد اب انجو ایک بار پھر بھارت واپس جا چکی ہے تاہم کہا جا رہا ہے کہ وہ جلد پاکستان واپس آئے گی۔ تاہم اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں انجو نے اس کے برعکس خیالات کا اظہار کیا ہے۔

 انجو اس وقت دارالحکومت نئی دہلی میں ایک کرائے کے گھر میں رہائش پذیر ہے۔ بنیادی طور پر اس کا تعلق بھارت کی ریاست راجستھان سے ہے۔ بھارتی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے انجو نے کہا ہے کہ وہ بھارت میں ملازمت کرنے کی خواہش رکھتی ہے اور بھارت میں ہی زندگی ازسرنو شروع کرنا چاہتی ہے۔اس نے بتایا کہ اس کی تمام ترتوجہ اپنے بچوں کے ساتھ معیاری وقت گزارنے پر مرکوز ہے، جنہیں وہ اپنے بھارتی شوہر کے پاس چھوڑ کر پاکستان چلی گئی تھی۔

رپورٹ کے مطابق انجو کے پاکستان واپس آنے کی بجائے اب نصراللہ بھارت جانے کی تیاری میں ہے جہاں وہ اور انجو اکٹھے رہیں گے۔ انجو نے انٹرویو میں کہا کہ ”نصر اللہ کے بھارت آنے کے متعلق میں بہت پرجوش ہوں۔ میں اسے اپنے ملک کی ثقافت اور سیاحتی مقامات دکھانا چاہتی ہوں، جس طرح اس نے مجھے پاکستان کا کلچر دکھایا اور وہاں کے سیاحتی مقامات کی سیر کرائی۔“


رپورٹ کے مطابق ابتدائی طور پر کہا جا رہا تھا کہ انجو کے دونوں بچے(15سالہ بیٹی اور 8سالہ بیٹا) اسے سے نہیں ملنا چاہتے تاہم بھارت واپس جانے کے بعد دونوں بچے ماں سے ملنے گئے اور اب اس کے پاس ہی مقیم ہیں۔ انجو کا کہنا ہے کہ دونوں بچے اس سے مل کر بہت خوش ہیں اور اس کے ساتھ ہی رہنا چاہتے ہیں۔ واضح رہے کہ انجو اور نصراللہ کی ملاقات فیس بک پر ہوئی تھی۔ انجو نے کئی ماہ کی تگ و دو کے بعد پاکستان کا ویزا حاصل کر لیا اور بھارت میں اپنے شوہر کو ایک سہیلی کے پاس جانے کا کہہ کر واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان چلی آئی تھی۔ بھارت میں اس کی فیملی کو اس کے پاکستان آنے کی خبر سوشل میڈیا کے ذریعے ملی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button