اسلام آباد(اےون نیوز) پنجاب میں انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن کی جانب سے رپورٹ چیف جسٹس آف پاکستان کو پیش کر دی گئی۔
الیکشن کمیشن نے ایک صفحہ پر مشتمل رپورٹ چیف جسٹس عمر عطا بندیال کو پیش کی، جس میں عدالت کو بتایا گیا ہے کہ پنجاب میں انتخابات کیلئے حکومت کی جانب سے فنڈز دیئے گئے نہ ہی مطلوبہ سکیورٹی فورس فراہم کی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق حکومت نے سپریم کورٹ کے حکم کے باوجود 21 ارب روپے تاحال فراہم نہیں کیے، نگران حکومت پنجاب نے سکیورٹی کیلئے صرف 75 ہزار اہلکار دینے کی رضا مندی ظاہر کی ہے، پنجاب میں انتخابات کیلئے 3 لاکھ سکیورٹی اہلکاروں کی کمی ہے۔
پنجاب میں عام انتخابات کے معاملے پر الیکشن کمیشن نے سربمہر رپورٹ سپریم کورٹ کے رجسٹرار آفس میں جمع کروائی، اس موقع پر الیکشن کمیشن حکام کا کہنا تھا کہ رپورٹ کے مندرجات کا علم نہیں ہے، رپورٹ جمع کروانے کے بعد وہ سپریم کورٹ سے روانہ ہوگئے۔
خیال رہے کہ حکومت کی جانب سے الیکشن کمیشن کو انتخابات کیلئے فنڈز کی فراہمی کی مہلت ختم ہو گئی، حکومت نے پنجاب میں انتخابات کیلئے 21 ارب روپے جاری کرنے تھے، سپریم کورٹ نے وفاقی حکومت کو 10 اپریل تک یہ رقم جاری کرنے کا حکم دیا تھا۔