راولپنڈی(اے ون نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم پر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین کو ڈسٹرکٹ جیل اٹک سے منگل کی رات راولپنڈی کی سینٹرل جیل اڈیالہ منتقل کردیا گیا۔
اس مقصد کے لئے پولیس چیئرمین پی ٹی آئی کو ڈسٹرکٹ جیل اٹک سے 7 بجکر ایک منٹ پر لیکر اڈیالہ جیل کے لئے روانہ ہوئی اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری چیئرمین پی ٹی آئی کے ہمراہ تھی ،پی ٹی آئی چیئرمین کی منتقلی پر اڈیالہ جیل کے باہر سیکورٹی ہائی الرٹ کردی گئی تھی ،چیئرمین پی ٹی آئی کے ساتھ پولیس کی دو بکتر بند اور ایک ایمبولینس سمیت 15 گاڑیاں شامل تھیں پی ٹی آئی چیئرمین کو براستہ موٹر وے اڈیالہ جیل منتقل کیا گیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے منگل کے روز چیئرمین پی ٹی آئی کی اڈیالہ جیل منتقلی کا تحریری حکمنامہ جاری کیا تھا۔چیئرمین پی ٹی آئی کی منتقلی کے بعد اڈیالہ جیل کے باہر پولیس کی اضافی نفری اور سادہ لباس میں اہلکار تعینات کر دیئے گئے.
ادھر ذرائع کا کہنا ہے عمران خان کو منگل کی رات اڈیالہ جیل کے سیل نمبر ایک میں رکھا جائے گا اور بدھ کی صبح ڈاکٹری ملاحظہ کے بعد جیل حکام انہیں بی کلاس یا اسی سیل ایک میں رکھے جانے کا فیصلہ کریں گے ۔
عمران خان کی اڈیالہ جیل منتقلی کے بعد عمران خان کی انٹری کا ریکارڈ درج کیا گیا جیل ذرائع کے مطابق اڈیالہ جیل میں انہیں بدھ کے روز الگ قیدی نمبر الاٹ کیا جائے گا ہر جیل حکام اپنے قیدیوں کی نفری گنتی کے مطابق نمبر الاٹ کیا جاتا ہے اس طرح وہ اب قیدی نمبر 804 نہیں رہے نیا نمبر اڈیالہ جیل حکام الاٹ کریں گے۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کو جس بیرک میں رکھا جارہا ہے قبل ازیں اس بیرک میں سابق صدر آصف علی زرداری، سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور سابق وزیراعظم نواز شریف بھی رہ چکے ہیں ذرائع کے مطابق چیئرمین پی ٹی ا?ئی کو اڈیالہ جیل آمد کے فوری بعد مستقل طور پر ایک مشقتی بھی دے دیا جائے گا۔