کراچی(اے ون نیوز)گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے پورے کراچی کو عید کے دن گورنر ہاﺅس میں لنچ اور عید ملن پارٹی کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ ساتھ میں قوالی بھی ہوگی۔
کراچی میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے 26 ویں روزے کی سحری گلزار ہجری اسکیم 33 میں عوام کے درمیان کی، اس موقع پر لوگوں نے ان کا والہانہ استقبال کیا، اجرک، سندھی ٹوپی اور پھولوں کے ہار پہنائے۔گورنر سندھ نے کہا کہ گزشتہ روز سحری کے بعد گلشن معمار سے گورنر ہاﺅس واپس جارہا تھا تو ایک ایک سڑک دیکھ رہا تھا، سڑکیں ٹوٹی ہوئی ہیں، خراب ہیں وہ ٹھیک کروانی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کہاں ہیں وہ کنٹریکٹر جو اربوں کے کنٹریکٹ لیکر سورہے ہیں، کل ڈی جی آڈٹ کو بلاوں گا کہ وہ آڈٹ کریں کہ تین سالوں سے سڑکیں کیوں نہیں بنیں۔گورنر سندھ نے کہا کہ خدارا کم سے کم تنخواہ 50 ہزار کردیں، سی ایم صاحب نیک نیت انسان ہیں مجھے امید ہے وہ کام کریں گے، انہیں گورنر ہاﺅس میں افطار کرنے کی دعوت دی تھی لیکن وہ طبیعت خراب ہونے کی وجہ سے نہیں آسکے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان کو شیشہ، گٹکا، ماوے پر احساس محرومی نے لگایا ہے، جو لوگ بچوں کو ان نشوں پر لگا رہے ہیں ان کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے۔