
کراچی(اے ون نیوز)گیارہ دن سے لاپتا بچے صارم کی لاش گھر کے قریب زیر زمین ٹینک سے برآمد ہو گئی ہے۔پولیس کے مطابق کراچی کے علاقے نارتھ کراچی سے پراسرار طور پر لاپتا بچے صارم کی لاش مل گئی۔ بچے کی لاش گھر کے قریب زیر زمین پانی کے ٹینک سے ملی۔
واضح رہے کہ 7 سالہ صارم 11 روز قبل پراسرار طور پر لاپتا ہوا تھا، جس کے بعد سے پولیس اور اہل خانہ اس کی بازیابی کے لیے کوششیں کررہے تھے۔ننھے صارم کی لاش کو زیرزمین ٹینک سے نکال لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق واٹر ٹینک پر ڈھکن کی جگہ گتے کا ٹکڑا رکھا ہوا تھا۔
لخت جگر کی لاش دیکھ کر والدہ شدت غم سے نڈھال ہو گئی۔7 سالہ صارم حادثاتی طور پر ٹینک میں گرا یا پھر کسی نے گرایا، پولیس نے اس حوالے سے تمام پہلوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے تحقیقات شروع کردی ہے۔نارتھ کراچی میں زیر زمین ٹینک سے بچے کی لاش ملنے کے معاملے پر اہل محلہ نے کہاکہ پانی کے ٹینک کو قانون نافذ کرنے والے اداروں نے 2 بار چیک کیا تھا۔
اہل محلہ کے مطابق عین ممکن ہے کہ جب پانی کے ٹینک کو چیک کیا گیا ہو، اس وقت بچے کی لاش نیچے ہی موجود ہو اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ باڈی پانی کے اوپر آ گئی ہو۔ بظاہر بچے کے ساتھ کوئی زیادتی نظر نہیں آرہی۔اہل محلہ نے بتایا کہ بچہ جیسے کپڑے پہنے ہوا تھا ویسے ہی پانی کے ٹینک سے مردہ حالت میں برآمد ہوا ہے۔
بچے صارم کی لاش کو پولیس کارروائی کے بعد عباسی شہید اسپتال روانہ کر دیا گیا ہے۔ایس ایس پی اینٹی وائلنٹ کرائم سیل انیل حیدر عباسی اسپتال پہنچ گئے۔ایس ایس پی اے وی سی سی نے عباسی اسپتال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بچے کی لاش زیر زمین پانی کے ڈینک سے ملی، بچہ گیارہ روز قبل پراسرار طور پر لاپتہ ہوا تھا، آج اپارٹمنٹ میں موجود زیرِ زمین ٹینک کی صفائی کے دوران لاش برآمد ہوئی۔
انہوں نے کہاکہ لاش ملنے کے حوالے سے مختلف پہلوں سے تحقیقات کر رہے ہیں، بچے کو قتل کرنے کے بعد ٹینک میں پینکا گیا ہے یا یہ حادثہ ہے اس کی تحقیقات جاری ہیں، ڈاکٹر کے معائنے اور پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد اس حقائق تک پہنچیں گے۔