لاہور(اے ون نیوز) پنجاب کے بیشتر اضلاع میں ان دنوں شدید گرمی پڑ رہی ہے جہاں آئندہ دنوں میں بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا جب کہ صوبے میں 13 سے 16 اگست تک مون سون بارشوں کے امکانات ہیں۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق سیالکوٹ، نارووال، شکرگڑھ، لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، منڈی بہاؤالدین میں تیز بارش کے امکانات ہیں جب کہ راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال،مری اورگلیات میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
دوسری جانب دریاؤں کی صورت حال پر ترجمان کی جانب سے بتایا گیا کہ پنجاب کے دریائے چناب، راوی، جہلم اور ستلج میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے، دریائے سندھ میں تونسہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے اور تربیلا اور منگلا ڈیم 95 فیصد پانی سے بھر چکے ہیں۔