
ریاض(اے ون نیوز)سعودی عرب کی وزارتِ حج و عمرہ نے عمرہ زائرین کو نامناسب سہولیات فراہم کرنے اور ضوابط کی سنگین خلاف ورزیوں پر سات ٹریول کمپنیوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے انہیں معطل کر دیا ہے۔
عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق، وزارت نے ان کمپنیوں پر یہ الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے معتمرین کو لائسنس کے بغیر رہائش گاہوں میں ٹھہرایا اور وعدے کے برعکس خدمات فراہم کیں۔
وزارت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ "اللہ کے مہمانوں” کو معیاری سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور اسی مقصد کے تحت کمپنیوں کی کارکردگی کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ نگرانی کے دوران سامنے آنے والی خلاف ورزیوں کی روشنی میں فوری قانونی اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ خلاف ورزیاں نہ صرف ضوابط کی خلاف ورزی ہیں بلکہ زائرین کے آرام اور سلامتی کو بھی متاثر کرتی ہیں۔
وزارتِ حج و عمرہ نے تمام عمرہ کمپنیوں اور اداروں کو خبردار کیا ہے کہ وہ حکومتی ہدایات کی مکمل پاسداری کریں، بصورتِ دیگر ان کے خلاف بھی سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔