اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

سہیل آفریدی اپنا کام کریں اگر بدمعاشی کی تو خیبرپختونخوا میں گورنر راج لگ سکتا ہے، فیصل واڈا

اسلام آباد(اے ون نیوز)سینیٹر فیصل واڈا نے کہا ہے کہ ہم سب کی کوشش ہے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اپنی ذمہ داریاں نبھائیں اور اگر بدمعاشی دکھائی تو صوبے میں گورنر راج لگ سکتا ہے۔

پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل واڈا نے کہا کہ میں نے پہلے بھی کہا تھا کہ 26 نومبر کی تڑی لگائیں گے تو پھینٹا لگے گا اور اب اگر یہ مزید بدمعاشی کریں گے تو گورنر راج لگ سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب کی یہ کوشش ہونی چاہیے کہ خیبر پختونخوا کا وزیراعلی اپنی ذمہ داریاں نبھائے، اگر خیبر پختون خواہ کا وزیراعلی اپنی ذمہ داریاں نہیں نبھا سکتا تو گورنر راج کا آپشن ہونا نہیں ہے بلکہ ہو جائے گا۔

فیصل واڈا نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ فیصل کریم کنڈی ہی گورنر خیبر پختون خواہ رہیں، اگر کسی اور نام کا قرعہ نکلتا ہے تو وہ پھر سیاسی نہیں ہوگا اور فیصل کریم کنڈی کے نام پر ہمیں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر اب بھی وزیراعلیٰ کو بانی سے ملاقات کی خواہش ہے تو دیوار پر ٹکر مارتے رہیں، دیوار کو کچھ نہیں ہونا اور دیوار سے کچھ نہیں ملنا، آپ کے پاس ایک ہی راستہ ہے کہ آپ سیاسی طور پر وزیراعظم شہباز شریف اور صدر آصف علی زرداری کے پاس جائیں۔

فیصل واڈا نے کہا کہ آرمی چیف موجود ہیں اور کمانڈ ان کے پاس ہے، ایک نوٹیفکیشن کا معاملہ ہے جو آج نہیں تو کل یا پرسوں تک آجائے گا، چیئرمین آف ڈیفنس فورس کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

سینیٹر نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ باقی سارے معاملات کو چھوڑ کر اپنی حکومت چلائیں، ہائی کورٹ کے آرڈر کے بعد ایک انچ کی غلطی بھی انہیں نااہل کرسکتی ہے اور ہم نہیں چاہتے کہ خیبر پختون خواہ میں گورنر راج لگے۔

فیصل واڈا نے دعویٰ کیا کہ صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے بعد سہیل آفریدی کا مسئلہ حل ہو جائے گا کیونکہ ہر مسئلے کی چابی صدر آصف علی زرداری کے پاس ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی بہنیں میرے لیے قابل احترام ہیں، انٹرویو بہت سارے لوگوں نے دیے ہیں ہم سب نے بھی دیے، جن کا احتساب 75 سال میں نہیں ہوا اُن کا اگلے 75 سالوں میں بھی نہیں ہوگا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button