اہم خبریںتازہ تریندنیا

ملائیشیا نے لاپتہ پرواز ایم ایچ 370 کی تلاش کا معاہدہ 2027 تک بڑھا دیا

کوالالمپور(اے ون نیوز) ملائیشیا نے اعلان کیا ہے کہ لاپتا ملائیشیا ایئرلائنز کی پرواز ایم ایچ 370 کی تلاش کے لیے جاری معاہدے میں مزید ایک سال کی توسیع کر دی گئی ہے، تاکہ اس پراسرار فضائی حادثے کے معمہ کو حل کرنے کی کوششیں جاری رہ سکیں۔

بوئنگ 777 طیارہ جس میں عملے سمیت 239 افراد سوار تھے، 8 مارچ 2014 کو کوالالمپور سے بیجنگ جاتے ہوئے ریڈار سے اچانک غائب ہو گیا تھا۔ یہ واقعہ فضائی تاریخ کے سب سے بڑے اور پراسرار حادثات میں شمار ہوتا ہے۔

طیارے میں سوار افراد میں تقریباً دو تہائی چینی شہری تھے، جبکہ دیگر مسافروں میں ملائیشیا، انڈونیشیا، آسٹریلیا، بھارت، امریکا، نیدرلینڈز اور فرانس کے شہری بھی شامل تھے۔

فضائی تاریخ کی سب سے بڑی تلاش کے باوجود اب تک طیارے کا ملبہ نہیں مل سکا۔

ملائیشیا کے وزیرِ ٹرانسپورٹ انتھونی لوک نے بتایا کہ معاہدے میں توسیع 30 جون 2027 تک کی گئی ہے اور اس کی تمام شرائط سابقہ معاہدے کے مطابق برقرار رہیں گی۔

انہوں نے کہا کہ معاہدہ بدستور "نو فائنڈ، نو فیس” (No Find, No Fee) کی بنیاد پر قائم رہے گا، یعنی تلاش کرنے والی کمپنی اوشن انفینٹی کو صرف اسی صورت میں 7 کروڑ ڈالر ادا کیے جائیں گے جب وہ طیارے کا ملبہ دریافت کرنے میں کامیاب ہو جائے۔

انتھونی لوک کے مطابق حکومت کا یہ فیصلہ مسافروں کے اہلِ خانہ کو اس طویل انتظار کے بعد کسی حتمی نتیجے تک پہنچانے کے عزم کا اظہار ہے۔

انہوں نے کہا کہ معاہدے میں توسیع کا مقصد 7 ہزار 428.54 مربع کلومیٹر پر مشتمل باقی ماندہ سرچ ایریا کی مکمل تلاشی کو یقینی بنانا ہے۔

وزیرِ ٹرانسپورٹ نے مزید بتایا کہ اوشن انفینٹی کو نئے تجارتی منصوبوں کے باعث اپنی بنیادی سرچ ٹیم اور آلات عارضی طور پر کسی اور مقام پر منتقل کرنا پڑے، جس کے باعث سرچ آپریشن کو ازسرِ نو ترتیب دینا ضروری ہو گیا۔

ان کے مطابق یہ کارروائی صرف نومبر 2026 سے اپریل 2027 کے دوران، نسبتاً پرسکون سمندری موسم میں ہی محفوظ اور مؤثر انداز میں انجام دی جا سکتی ہے۔

پرواز ایم ایچ 370 کی تازہ ترین تلاش دو مراحل میں کی گئی تھی، جس کا آغاز مارچ 2025 میں ہوا، تاہم اس بار بھی کوئی کامیابی حاصل نہ ہو سکی۔

دوسری جانب، لاپتا چینی مسافروں کے اہلِ خانہ نے پرواز کی گمشدگی کی بارہویں برسی کے موقع پر 8 مارچ کو ملائیشیا کے وزیرِ اعظم انور ابراہیم کے نام ایک کھلا خط جاری کیا، جس میں حالیہ سرچ آپریشن کے دوران معلومات کی عدم فراہمی پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔

خط میں کہا گیا کہ انہیں تلاش کی مشکلات کا ادراک ہے اور وہ حکومت کی کوششوں کو سراہتے ہیں، تاہم 15 جنوری کے بعد سے اہلِ خانہ کو سرچ آپریشن سے متعلق کوئی بریفنگ فراہم نہیں کی گئی۔

واضح رہے کہ اوشن انفینٹی اس سے قبل 2018 میں بھی تلاش کر چکی ہے، جبکہ آسٹریلیا نے بھی تقریباً تین برس تک جاری رہنے والا سرچ آپریشن جنوری 2017 میں بغیر کسی نتیجے کے ختم کر دیا تھا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button